سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ زخمی
10 فروری 2024محسن داوڑ حالیہ انتخابات میں ایک مرتبہ پھر شمالی وزیرستان سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار تھے اور وہ جمعرات کے روز ہونے والے انتخابات کے بعد نتیجے میں تاخیر اور مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
نئی جماعت کا افغانستان میں تبدیلی سے تعلق نہیں، محسن داوڑ
یہاں آ کر دیکھیں ہر طرف پی ٹی ایم نظر آئے گی، منظور پشتین
مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے ان پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے حامیوں کے ہم راہ انتخابی نتیجے میں تاخیر اور دھاندلی کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔ مظاہرین کے مطابق پولیس نے احتجاج میں مصروف افراد کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ پولیس نے محسن داوڑ کے زخمی ہونے کی تو تصدیق کی ہے، تاہم یہ نہیں بتایا ہے کہ آیا وہ واقعی پولیس فائرنگ ہی سے زخمی ہوئے۔
مقامی میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق محسن داوڑ کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یہ بات اہم ہے کہ محسن داوڑ اگست دو ہزار اٹھارہ سے دو ہزار تئیس تک رکن قومی اسمبلی رہے۔ جب کہ اس سے قبل وہ پشتون تحفظ موومنٹ کا حصہ بھی رہے اور بعد میں انہوں انہوں نے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے ایک نئی جماعت قائم کی۔ ماضی میں محسن داوڑ پشتون اسٹوڈنٹ فیڈریش اور نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کا حصہ بھی رہے ہیں۔
ع ت/ ک م