1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیشی

16 مئی 2024

جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان آج جمعرات کو ایک ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ لیکن جب سماعت شروع ہوئی نہ تو عدالت کی ویب سائٹ اور نہ ہی یوٹیوب پر کوئی ویڈیو نشر کی گئی۔

سابق وزیر اعظم عمران خان آج بھی پاکستان میں بہت مقبول ہیں
سابق وزیر اعظم عمران خان آج بھی پاکستان میں بہت مقبول ہیںتصویر: Rizwan Tabassum/AFP/Getty Images

نیب ترمیم کیس کی سماعت کے سلسلے میں آج بروز جمعرات سابق وزیر اعظم عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ توقع کی جا رہی تھی کہ اس کیس کی سماعت کی ویڈیو کو عدالت کی ویب سائٹ اور یوٹیوب پر لائیو نشر کیا جائے گا۔ اس طرح جیل میں بند عمران خان گزشتہ سال اگست میں گرفتاری کے بعد سے پہلی بار منظرعام پر آتے۔

لیکن جب سماعت شروع ہوئی نہ تو عدالت کی ویب سائٹ اور نہ ہی یوٹیوب پر کوئی ویڈیو نشر کی گئی۔ عمومی طور پر سپریم کورٹ کی عدالتی کارروائی لائیو دیکھی جا سکتی ہے۔ تاہم آج فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سماعت کے لائیو مناظر ویب سائٹ یا یوٹیوب پر کیوں دستیاب نہیں تھے؟

عمران خان کے لاکھوں حامی ان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارٹی کے یوٹیوب چینل پر انتظار کر رہے تھے، جہاں عدالتی مناظر نشر کیے جانے کی توقع تھی۔

71 سالہ عمران خان جیل میں بند ہونے کے بعد سے کئی دیگر عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں لیکن کیمروں کو جیل کے احاطے میں ہونے والی کارروائی کو کور کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان آج بھی پاکستان میں بہت مقبول ہیںتصویر: Fareed Khan/AP/picture alliance

مقید عمران خان اس وقت اپنے خلاف بیک وقت درجنوں مقدمات لڑ رہے ہیں۔ جمعرات کی پیشی اس مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں تھی، جو انسداد بدعنوانی کے قوانین میں ترمیم کرنے پر ان کے خلاف دائر کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے اس ہفتے حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔

عمران خان کو سن 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز یعنی بدھ کو ایک کرپشن کیس میں بھی انہیں ضمانت مل گئی تھی لیکن انہیں پہلے ہی چار مقدمات میں سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ اس وجہ سے جیل میں ہی رہیں گے۔ چار مقدمات میں سے دو میں ان کی سزا معطل کی جا چکی ہے۔

 سابق وزیر اعظم عمران خان آج بھی پاکستان میں بہت مقبول ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ ان کے خلاف تمام تر مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں جبکہ ملکی اپوزیشن اور طاقتور فوج مل کر انہیں اقتدار اور سیاست سے باہر رکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت اور فوج دونوں ہی اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔

جیل میں ہونے کے باوجود چند ماہ پہلے ہونے والے قومی انتخابات میں عمران خان کی جماعت سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کرتے ہوئے کامیاب رہی لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف حکومت تشکیل دینے میں ناکام رہی۔

ا ا / ع ت (اے ایف پی، روئٹرز) 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں