1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
عقیدہویٹی کن

سابق پوپ بینیڈکٹ شانزدہم انتقال کر گئے، ویٹیکن کا اعلان

31 دسمبر 2022

دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کے سن دو ہزار تیرہ میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانے والے سابق روحانی پیشوا بینیڈکٹ شانزدہم پچانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ یہ اعلان ہفتہ اکتیس دسمبر کی صبح ویٹیکن کی طرف سے کیا گیا۔

Pope Francis and Pope Emeritus, Benedict XVI in Vatican in August 2022.
پوپ فرانسس، دائیں، اور سابق پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کی اس سال اگست کے اواخر میں ویٹیکن میں لی گئی ایک تصویرتصویر: abaca/picture alliance

کلیسائے روم کے سابق سربراہ کے طور پر پوپ امریطس کہلانے والے بینیڈکٹ شانزدہم اطالوی دارالحکومت میں ویٹیکن سٹی ہی میں رہائش پذیر تھے۔ ان کا انتقال ختم ہوتے ہوئے سال 2022ء کے آخری دن ہوا۔ پوپ امریطس گزشتہ کئی دنوں سے بہت علیل تھے۔

ویٹیکن سٹی کے حکام کی طرف سے سابق پوپ بینیڈکٹ کے انتقال کا اعلان ایک کلیسائی بیان میں کیا گیا، جس کے مطابق پوپ امریطس کی موت 95 برس کی عمر میں ہفتہ 31 دسمبر کی صبح نو بج کر چونتیس منٹ پر ہوئی۔

دنیا بھر کے رہنماؤں کی طرف سے اظہار تعزیت

بینیڈکٹ شانزدہم کے انتقال پر دنیا بھر کے سیاسی، مذہبی اور سرکردہ سماجی رہنماؤں نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور ویٹیکن کے نام تعزیتی پیغامات بھی بھیجے ہیں۔ بینیڈکٹ شانزدہم کی میت ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں پیر دو جنوری کے دن سے آخری دیدار کے لیے رکھ دی جائے گی۔

آن لائن پورن شیطان کے داخل ہونے کا ذریعہ ہے، پوپ فرانسس

سابق پوپ بینیڈکٹ کا انتقال پچانوے برس کی عمر میں ہفتہ اکتیس دسمبر کی صبح نو بج کر چونتیس منٹ پر ہواتصویر: Vandeville Eric/ABACA/picture alliance

یہ بات کہ سابق پوپ بہت بیمار تھے، اسی ہفتے 28 تاریخ کو اس وقت سامنے آئی تھی، جب بینیڈکٹ شانزدہم کے جانشین اور کلیسائیے روم کے موجودہ سربراہ پوپ فرانسس نے ویٹیکن میں بدھ کی صبح اپنی روزانہ کلیسائی مصروفیات کے دوران کہا تھا کہ ان کے پیش رو شدید علیل تھے اور ہر کوئی ان کے لیے دعا کرے۔

یوکرین میں جنگ ختم کریں، پوپ فرانسس کی اپیل

اسی روز موجودہ پاپائے روم کے اپنے ہیش رو کی بیماری سے متعلق بیان کے چند گھنٹے بعد ویٹیکن سٹی نے ایک باقاعدہ بیان بھی جاری کر دیا تھا، جس کے مطابق سابق پوپ بہت بیمار تھے اور ان کی حالت مسلسل بگڑتی جا رہی تھی۔ اسی دن پوپ فرانسس پوپ امریطس کی عیادت کے لیے بھی گئے تھے۔

سابق پوپ بینیڈکٹ کون تھے؟

پاپائے روم بننے کے بعد اپنے لیے بینیڈکٹ شانزدہم کا کلیسائی نام اپنانے والے مسیحی رہنما 16 اپریل 1927ء کے روز جنوبی جرمن صوبے باویریا میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا پیدائشی نام جوزف راٹسنگر تھا، جو کلیسائے روم سے اپنے تعلق کے دوران کارڈینل کے عہدے تک پہنچ گئے تھے۔

سن 2005ء میں کارڈینل راٹسنگر کو دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کے طور پر نیا پوپ منتخب کر لیا گیا تھا۔ وہ قریب آٹھ سال اس منصب پر فائز رہنے کے بعد 2013ء میں مستعفی ہو گئے تھے۔

جاپان میں مسیحیت کی تاریخ: ظلم، تشدد، قتل سے عبارت پانچ صدیاں

انہوں نے اپنی پاپائی ذمے داریوں سے دستبردار ہونے کی وجہ خرابی صحت بتائی تھی۔ مستعفی ہونے کے بعد بھی پوپ بینیڈکٹ ویٹیکن سٹی ہی میں رہائش پذیر تھے۔

بینیڈکٹ شانزدہم جب کلیسائے روم کے سربراہ بنے تھے، تو وہ گزشتہ تقریباﹰ 500 سال میں اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے جرمن تھے۔ پھر 2013ء میں جب وہ مستعفی ہوئے، تو پچھلے تقریباﹰ 600 سال کے عرصے کے دوران وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہونے والے پہلے پوپ بھی بن گئے تھے۔

م م / ع ت (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)

بارسلونا کے گرجا گھر میں اذان اور افطاری

03:38

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں