1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سارکوزی اچانک تاج محل دیکھنے پہنچ گئے

5 دسمبر 2010

بھارت کے چار روزہ دورے پر گئے فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی ہفتے کے روز اپنی اہلیہ کے ہمراہ اچانک آگرہ میں مغلیہ عہد کے شاہکار تاج محل دیکھنے پہنچ گئے۔

تصویر: AP

سارکوزی نے تاج محل جانے کے لئے اپنے پہلے سے مقررہ شیڈیول کو آخری وقت میں تبدیل کیا۔ فرانسیسی صدارتی دفتر کے مطابق سارکوزی کا یہ اچانک دورہ ذاتی نوعیت کا تھا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا پر سارکوزی کے اس دورے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سارکوزی نے تاج محل کا دورہ کیاتصویر: AP

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس غیر متوقع اور اچانک دورے کے باعث تاج محل پہنچنے اور قطار بنا کر اپنی باری کا انتظار کرنے والے تقریبا 200 سیاحوں کو سخت اذیت اور کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق صدر سارکوزی کی سکیورٹی کی خاطر تاج محل کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا اور وہاں پہنچنے والے درجنوں سیاحوں کو تاج محل کے اندر جانے سے روک دیا گیا۔

بھارت کے جنوبی شہر بنگلور سے اپنے دورہ بھارت کا آغاز کرنے والے سارکوزی کو پیر کے روز نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اور دیگر اعلیٰ بھارتی قیادت سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔ تاہم اب فرانسیسی صدارتی دفتر کی طرف سے سارکوزی کی اتوار کی مصروفیات کے حوالے سے ایک تازہ شیڈیول جاری کیا گیا ہے، اس نئے شیڈیول کے مطابق اب سارکوزی اتوار کی شام وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کریں گے۔

اپنے دورے کے آغاز کے لئے دنیا بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے مرکز سمجھے جانے والے بنگلور شہر کا انتخاب اس دورے میں تجارت اور معیشت کے پہلوؤں کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ تاہم بنگلور میں پہنچنے کے چند ہی گھنٹوں بعد سارکوزی نے اس دورے میں اپنی پہلی شام اپنی اہلیہ کارلا برونی کے ہمراہ تاج محل میں گزارنا پسند کی۔ تاج محل دارالحکومت نئی دہلی سے تقریبا 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

صدر سارکوزی نے اس سے قبل سن 2008ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت تک وہ مشہور پاپ اسٹار کارلا برونی سے رشتہ ازدواج میں نہیں بندھے تھے تاہم انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ وہ تاج محل دیکھنے ضرور آئیں گے۔

سارکوزی اپنی اہلیہ کے ہمراہتصویر: picture-alliance/dpa

واضح رہے کہ تاج محل 14ویں صدی میں مغل شہنشاہ شاہ جہان نے اپنی ملکہ ممتاز محل کی وفات کے موقع پر تعمیر کیا تھا اور تاج محل کو دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے ہر سال تقریبا تین ملین سیاح آگرہ کا رخ کرتے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں