1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سام سنگ سربراہ کے وارثوں پر وراثت ٹیکس گیارہ ارب امریکی ڈالر

28 اپریل 2021

جنوبی کوریا کی بہت بڑی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے آنجہانی سربراہ لی کُن ہی کے وارثوں کو تقریباﹰ گیارہ ارب امریکی ڈالر کے برابر وراثتی ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ لی کُن ہی سالہا سال سے جنوبی کوریا کے امیر ترین شہری تھے۔

جنوبی کوریا کے امیر ترین شہری اور سام سنگ الیکٹرانکس کے چیئرمین لی کُن ہی جن کا گزشتہ برس اکتوبر میں انتقال ہو گیا تھاتصویر: Bae Jong-Hwa/dpa/picture-alliance

جنوبی کوریائی دارالحکومت سیول سے بدھ اٹھائیس اپریل کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی ٹیلیکوم کمپنیوں میں شمار ہونے والے ملکی ادارے سام سنگ کے سربراہ لی کُن ہی نے اپنے پیچھے اپنے پسماندگان کے لیے جو اثاثے چھوڑے ہیں، ان کی وجہ سے ان کے وارثوں کو حکومت کو 10.8 بلین امریکی ڈالر کے برابر پراپرٹی ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔

ورثے کی مالیت کے نصف سے زیادہ ٹیکس

جنوبی کوریائی کرنسی میں ٹیکس کی یہ رقم 12 ٹریلین وان سے زیادہ بنتی ہے۔ لی کُن ہی کے خاندان کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے لواحقین وراثتی ٹیکس کی مد میں حکومت کو جتنی رقم ادا کریں گے، وہ اس خاندان کے سربراہ کی طرف سے چھوڑے گئے اثاثوں کی مجموعی مالیت کے نصف سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

فائیو جی نیٹ ورک لانچ کرنے والا دنیا کا اولین ملک

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ لی کے پسماندگان حکومت کو جتنا پراپرٹی ٹیکس ادا کریں گے، وہ جنوبی کوریا ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں کسی بھی ملک کی حکومت کو کسی خاندان کی طرف سے ادا کیے جانے والے سب سے زیادہ پراپرٹی ٹیکسوں میں سے ایک ہو گا۔

گوگل کو چار ارب یورو سے زائد جرمانہ، نئی یورپی امریکی کشیدگی

سام سنگ گروپ کے آنجہانی چیئرمین لی کُن ہی کے واحد بیٹے لی جے یونگتصویر: picture-alliance/dpa/Yna

سام سنگ کے ارب پتی وارث کو پانچ سال کی قید سزا کا حکم

'ہم یہ ٹیکس خوشی سے ادا کریں گے‘

جنوبی کوریائی نیوز ایجنسی یون ہاپ نے لکھا ہے کہ لی کے وارث سیول حکومت کو جتنا وراثتی ٹیکس ادا کریں گے، وہ اس ملک کو 2020ء کے پورے سال میں اس مد میں  حاصل ہونے والے ٹیکسوں کی مجموعی مالیت کا بھی تین سے چار گنا تک ہو گا۔

لی خاندان کے بیان کے مطابق وہ حکومت کو یہ ٹیکس مروجہ ملکی قانون کے مطابق اسی ماہ سے ادا کرنا شروع کر دے گا اور اس کی ادائیگی چھ قسطوں میں اگلے پانچ سال میں مکمل ہو گی۔

ایک ٹریلین وان کا عطیہ بھی

لی فیملی نے کہا ہے کہ وہ اپنے آنجہانی سربراہ کی طرف سے چھوڑی گئی املاک میں سے ایک ٹریلین (ایک ہزار بلین) وان چند خیراتی منصوبوں کے لیے بھی عطیہ کرے گی۔ یہ رقم جن اداروں کو عطیہ کی جائے گی، وہ وبائی امراض کی روک تھام کے علاوہ کم عمر بچوں میں سرطان کے مرض کے خلاف سرگرم ہیں۔

’آئی فونز اب بھارت میں بھی تیار ہوں گے‘

اسمارٹ ڈیوائسز مزید اسمارٹ ہو گئیں

01:03

This browser does not support the video element.

جنوبی کوریائی اسکینڈل: سام سنگ کمپنی کا وارث بھی مشتبہ مجرم

اس کے علاوہ لی کُن ہی کی ملکیت 23 ہزار سے زائد بہت قیمتی فن پاروں میں سے بھی بہت سے عطیہ کر دیے جائیں گے۔ ان فن پاروں میں مارک شاگال، پابلو پکاسو اور کلود مونے جیسے عظیم فنکاروں کی تخلیقات بھی شامل ہیں۔

لی کے قانونی وارث

لی کُن ہی نے اپنے قانونی وارثوں کے لیے جو املاک چھوڑی ہیں، ان میں سام سنگ الیکٹرانکس کے بےشمار حصص بھی شامل ہیں۔ آنجہانی لی 2009ء سے لے کر اپنے انتقال تک جنوبی کوریا کے امیر ترین شہری تھے۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں ایک بیوہ، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔

سام سنگ کی ساکھ کو ایک بڑا دھچکا، گلیکسی نوٹ 7 کی تیاری بند

یون ہاپ کے مطابق اگر لی کُن ہی کی ملکیت غیر منقولہ جائیداد کو بھی شامل کیا جائے، تو سام سنگ الیکٹرانکس کے آنجہانی چیئرمین نے اپنے لواحقین کے لیے مجموعی طور پر 25 ٹریلین وان سے زائد کی املاک چھوڑیں۔

م م / ک م (ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں