دنيا کے مہنگے ترين شہروں ميں فرانسيسی دارالحکومت پيرس، سنگاپور اور ہانگ کانگ پہلی پوزيشن پر ہيں جب کہ سياسی بحران کے شکار ملک وينزويلا کا دارالحکومت کراکس اخراجات کے اعتبار سے سب سے سستا شہر قرار پايا ہے۔
اشتہار
تارکين وطن کے ليے دنيا کے مہنگے ترين شہروں ميں پيرس، سنگاپور اور ہانگ کانگ تينوں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آئے ہيں۔ ايسا تاريخ ميں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ تين شہر ايک ساتھ پہلی پوزيشن کے حقدار قرار پائے۔ يہ انکشاف ’اکانومسٹ انٹيليجنٹ يونٹ‘ (EIU) کے ايک تازہ مطالعے کی بنياد پر کيا گيا ہے، جس کے نتائج منگل کو جاری کيے گئے۔
تارکين وطن کے ليے دنيا کے مہنگے ترين شہروں کی فہرست ميں پيرس پچھلے سال دوسری پوزيشن پر تھا جبکہ اس سے پچھلے سال ساتويں پوزيشن پر تھا۔ پيرس، يورو زون کے رکن ملکوں سے اس فہرست کا حصہ بننے والا واحد شہر ہے۔ سروے کے مطابق رہن سہن کے لحاظ سے پيرس کافی مہنگا شہر ہے۔ پيرس ميں مردوں کے ايک اچھے ٹو پیس بزنس سوٹ کی قيمت اوسطاً دو ہزار ڈالر کے برابر بنتی ہے جبکہ عورتوں کو اگر کسی مناسب جگہ سے بال کٹوانے ہوں تو اس پر 120 ڈالر تک کا خرچہ آ سکتا ہے۔ ديگر يورپی شہروں سے مقابلہ کيا جائے، تو پيرس ميں شراب، ٹرانسپورٹ اور سگريٹ ہی ايسی اشياء ہيں، جن کی قيمتيں ديگر يورپی شہروں کے برابر ہيں۔
تارکين وطن کے ليے دنيا کے مہنگے ترين شہروں ميں دس سرفہرست شہروں ميں يورپی اور ايشيائی شہر نماياں ہيں۔ اس فہرست ميں سوئٹزرلينڈ کا شہر زيورخ چوتھی پوزيشن پر ہے، اوساکا اور جنيوا پانچويں پوزيشن پر ہيں جبکہ سيئول اور کوپن ہيگن ساتويں پوزيشن پر ہيں۔ امريکی شہر نيو يارک بھی ساتويں پوزيشن پر ہے جبکہ لاس اينجلس اسرائيلی شہر تل ابيب کے ساتھ مشترکہ طور پر دسويں پوزيشن پر ہے۔
دريں اثناء پاکستانی شہر کراچی اس فہرست ميں 129 ويں نمبر پر آيا ہے۔
’اکانومسٹ انٹيليجنٹ يونٹ‘ (EIU) نے اس سروے کے ليے دنيا بھر کے 133 شہروں سے معلومات اکھٹی کيں۔ ادارے کے مطابق مقامی کرنسيوں کی قدر ميں کمی، افراط زر اور سياسی وجوہات نے اس سال کی اس درجہ بندی ميں کردار ادا کيا۔
ایشیا کے مہنگے ترین شہر، رہائش رکھنا انتہائی مشکل
دنیا کے دس مہنگے ترین شہروں میں چھ کا تعلق ایشیا سے ہے۔ یہ شہر نئے آبادکاروں کے لیے انتہائی مہنگے ثابت ہو رہے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/blickwinkel
بیجنگ، چین
دنیا کا نواں مہنگا ترین شہر چینی دارالحکومت بیجنگ ہے، جہاں مکانات کی قیمتیں اور کرائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ بیجنگ کے انٹرنیشنل اسکول بھی اپنی فیس میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چینی کرنسی یوان کی قدر میں استحکام سے چینی شہروں میں زنگی بسر کرنا مشکل تر ہو گیا ہے۔
تصویر: Getty Images/F. Li
شنگھائی، چین
چین کی مرکزی سرزمین پر سب سے مہنگا ترین شہر شنگھائی ہے۔ چینی بندرگاہی شہر دنیا کا ساتواں مہنگا ترین شہر ہے۔ شنگھائی میں پچاسی مربع میٹر اپارٹمنٹ کا کرایہ 1800 سو سے 2170 امریکی ڈالر ( 1030 یورو سے 1800 یورو) تک ہے۔ اس شہر میں ہر چیز کی خرید و فروخت کا تعلق کرنسی کے اتار چڑھاؤ سے منسلک ہے اور نئے آباد ہونے والوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Yu Shenli
سیئول، جنوبی کوریا
جنوبی کوریا کا دارالحکومت سیئول غیر ملکی آبادکاروں کے لیے پانچواں مہنگا ترین شہر ہے۔ غیر ملکیوں کے ساتھ سیئول کے باسی بھی اس پر متفق ہیں کہ ایک کافی کا کپ بھی اس شہر میں بہت مہنگا ہے اور یہ دس امریکی ڈالر ( 8.60 یورو) کا ہے۔ ایک جینز کی پینٹ کی اوسط قیمت ڈیڑھ سو امریکی ڈالر ہے۔ مجموعی طور پر سیئول میں زندگی گزارنا خاصا مشکل کام ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/E. Jones
سنگا پور
اس شہری ریاست کو جنوبی ایشیائی مالیاتی مرکز خیال کیا جاتا ہے۔ یہ غیرملکی افراد کے لیے دنیا کا چوتھا مہنگا ترین شہر سمجھا جاتا ہے۔ سنگا پور میں جینز پینٹ کی اوسط قیمت ایک سو امریکی ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ یہ قیمت امریکی شہر نیویارک کے مقابلے میں دوگنا ہے۔ سنگا پور میں گاڑیوں کے لیے پیٹرول بھی بہت مہنگا ہے، اور فی لیٹر قیمت دو امریکی ڈالر سے زائد ہے۔
تصویر: picture-alliance/robertharding/G. Hellier
ٹوکیو، جاپان
جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی آبادی نوے لاکھ سے زائد ہے اور یہ اقوام عالم میں دوسرا مہنگا ترین شہر ہے۔ ماہرین کے مطابق جاپانی شہروں میں زندگی بسر کرنے میں قدرے آسانی کی وجہ جاپانی ین کی قدر کا امریکی ڈالر کے مقابلے میں عدم استحکام ہے۔ ٹوکیو میں پچاسی مربع میٹر کے فرنشڈ اپارٹمنٹ کا کرایہ 2700 سے 3500 امریکی ڈالر ( 2300 سے 3000 یورو) تک ہو سکتا ہے۔
تصویر: Reuters/T. Hanai
ہانگ کانگ، خصوصی انتظامی اختیارات کا حامل چینی شہر
سن 2018 میں ہانگ کانگ کو دنیا بھر میں سب سے مہنگے شہر کا درجہ حاصل ہوا ہے۔ اس شہر میں کرائے دنیا میں سب سے زیادہ ہیں اور یہ نئے غیر ملکیوں کے لیے انتہائی پریشانی کا سبب ہے۔ ہانگ کانگ میں کافی کے ایک کپ کی قیمت اور فی لیٹر پٹرول بھی دنیا بھر میں سب سے مہنگا ہے۔ غیر ایشیائی شہروں میں سوئٹزرلینڈ کے بیرن اور زیورچ، چاڈ کا اینجمینا کے علاوہ انگولا کا لوانڈا بھی انتہائی مہنگے شہروں میں شمار کیے جاتے ہے۔