ستائیس کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ، شعیب ملک بھی شامل
5 ستمبر 2015پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ جاری کر دیے ہیں۔ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، ٹوئنٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے کپتان شاہد آفریدی، یونس خان، محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر اے کیٹیگری کا کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ون ڈے کے کپتان اظہر علی کا سینٹرل کنٹریکٹ سی کیٹیگری سے بڑھا کر اے کر دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر اے کیٹیگری میں شامل ہونے والے ایک اور نئے کھلاڑی 33 سالہ شعیب ملک ہیں، جو دو برس کے عرصے کے بعد زمبابوے کے خلاف حالیہ ہوم سیریز میں ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
2013ء کی چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کے بعد شعیب ملک کو ڈراپ کر دیا گیا تھا اور تب سے انہیں سینٹرل کنٹریکٹ بھی نہیں دیا گیا تھا۔ تاہم شعیب ملک نے اچھا کم بیک کرتے ہوئے افریقی ٹیم زمبابوے کے خلاف انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ مئی میں منعقد ہونے والی محدود اوورز کی اس سیریز میں انہوں نے ایک سنچری بھی اسکور کی تھی۔ اس کے باوجود انہیں اے کیٹیگری کا سینٹرل کنٹریکٹ دیے جانے پر مبصرین نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔
ٹخنے کی انجری کا شکار فاسٹ بولر عمر گل ایک مرتبہ نظر انداز کر دیے گئے ہیں۔ جولائی 2015ء تا جون 2016ء کے لیے مجموعی طور پر ستائیس کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکس جاری کیے گئے ہیں۔ فاسٹ بولر جنید خان اور آف اسپنر سعید اجمل کو بی کیٹیگری کا کنٹریکٹ جاری کیا گیا ہے، جو گزشتہ مرتبہ اے کیٹیگری میں تھے۔ اسی طرح عمر اکمل بھی بی کیٹیگری سے نکال کر سی کیٹیگری میں ڈال دیے گئے ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عرفان کو ڈی کیٹیگری سے ترقی دیتے ہوئے سی کیٹیگری کا کنٹریکٹ مل گیا ہے۔
سینٹرل کنٹریکٹ
اے کیٹیگری
مصباح الحق، اظہر علی، یونس خان، شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور یونس خان
بی کیٹیگری
احمد شہزاد، اسد شفیق، جنید خان، راحت علی، سعید اجمل، سرفراز احمد، وہاب ریاض، یاسر شاہ
سی کیٹیگری
انورعلی، فواد عالم، حارث سہیل، محمد عرفان، محمد عمران، محمد رضوان، عمر اکمل، شان مسعود
ڈی کیٹیگری
بابر اعظم، سمیع اسلم، صہیب مقصود، عمر امین، ذرالفقار بابر