بھارت اور پاکستان کے درمیان کرتار پور کوریڈور کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں بھارت کے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ اور نوجوت سدھو سمیت اہم سکھ شخصیات کرتار پور پہنچی ہوئی ہیں۔
اشتہار
سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر کرتار پور کوریڈور کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اس کوریڈور کا افتتاح کرتے ہوئے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں وہاں کی عوام کے ساتھ جاری ناروا سلوک کا بھی ذکر کیا۔
افتتاحی تقریب میں شریک بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی موقع قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیشرفت دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوریاں کم کرنے کا باعث بنے گا۔
خیال رہے کہ سدھو کا تعلق بھارت کی اس وقت حکمران ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی اہم ترین اپوزیشن جماعت کانگریس سے ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سدھو نے کرتار پور کوریڈور کے قیام پر نہ صرف نہایت پرجوش انداز میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا بلکہ اس موقع پر انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ اس پیشرفت پر نریندر مودی کو معانقہ کر کے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔
دربار صاحب کرتارپور: سکھ مذہب کا انتہائی مقدس مقام
سکھ مذہب کے بانی گورو نانک کی پیدائش کا مقام اور جائے رحلت دونوں پاکستان میں واقع ہیں۔ ان کی پیدائش پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں ہوئی اور انہوں نے عمر کے آخری کئی سال کرتارپور میں بسر کیے تھے۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali
سکھ مذہب کے بانی
سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک بعض روایتوں کے مطابق پندرہ اپریل سن 1469 کو رائے بھوئی کی تلونڈی نامی قصبے میں پیدا ہوئے تھے۔ پاکستانی پنجاب میں واقع یہ قصبہ اب ننکانہ صاحب کے نام سے مشہور ہے۔ اُن کا انتقال بائیس ستمبر سن 1539 میں کرتارپور میں ہوا تھا۔ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری تقریباً اٹھارہ برس کرتارپور میں گزارے تھے۔
دربار صاحب کرتارپور کو پاکستان میں سکھ مذہب کے اہم ترین مقدس مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ننکانہ صاحب میں، جہاں سن 1469 میں بابا گرو نانک پیدا ہوئے تھے، وہاں گوردوارہ جنم استھان واقع ہے۔ بابا گورو نانک کی نسبت سے حسن ابدال میں گوردوارہ پنجہ صاحب ہے اور فاروق آباد میں گوردوارہ سچا سودا ہے۔ یہ تمام مقامات پاکستانی پنچاب میں ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali
دربار صاحب کرتارپور
سکھ مذہب کے بانی اور پہلے گورو بابا نانک نے کرتا پور گوردوارے کا سنگ بنیاد سن 1504 میں رکھا تھا۔ یہ دریائے راوی کے پاکستان میں داخل ہونے کے مقام کے قریب دریا کے دائیں کنارے پر ہے۔ گورو نانک سن 1539 میں اسی مقام پر انتقال کر گئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.M. Chaudary
شری کرتارپور صاحب
دربار صاحب کرتارپور سے سکھ مذہب کے پیروکاروں میں شدید عقیدت پائی جاتی ہے۔ دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کرتارپور کوریڈور کھولنے کا دیرینہ مطالبہ رکھتی تھی۔ وہ اس سے قبل بھارتی پنجاب سے دوربینوں کے مدد سے کرتارپور کے گوردوارے کی زیارت کیا کرتے تھے۔ تصویر میں گوردوارے کا ماڈل ایک آرٹسٹ گورپریت سنگھ نے بنایا ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Nanu
کرتارپور راہداری
بھارتی پنجاب کے میں واقع ڈیرہ بابا نانک صاحب کو پاکستانی حدود میں واقع دربار صاحب سے منسلک کرنے والی سرحدی راہداری کو کرتارپور کوریڈور (راہداری) کا نام دیا گیا ہے۔ یہ تقریباً پانچ کلومیٹر طویل ہے۔ سرحد سے گوردوارے تک کے راستے کو بہتر بنا دیا گیا ہے۔ سکھ مذہب کے پیروکار خصوصی ویزا سکیم کے تحت اسے استعمال کر سکیں گے۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali
سکھوں یاتریوں کی آمد
بھارت سے آنے والے سکھ یاتری منگل پانچ نومبر کی شام ننکانہ صاحب پہنچے جہاں وہ اگلے دو دنوں تک اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ نو نومبر کو سکھ یاتری کرتار پور صاحب میں ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے جائیں گے جہاں پاکستانی وزیراعظم کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔
تصویر: PID
بابا نانک صاحب کا 550واں جنم دن
بابا گورنانک کے پانچ سو پچاسویں جنم دن کی تقریبات ساری دنیا میں منائی جا رہی ہیں۔ ان تقریبات میں مرکزیت کرتارپور راہداری کا کھولنا قرار دیا گیا ہے۔ اس راہداری کا باضابطہ افتتاح نو نومبر کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ دنیا بھر سے پچاس ہزار کے لگ بھگ سکھ یاتری ممکنہ طور پر اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
تصویر: PID
کرتارپور راہداری اور عمران خان
عمران خان نے منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے فوری بعد کرتارپور کوریڈور کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسے بابا گورو نانک کے پانچ سو پچاسویں جنم دن کے ساتھ بھی نتھی کیا گیا تھا۔ اس راہداری کی تعمیر کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان نے اٹھائیس نومبر سن 2018 کو رکھا تھا۔ اس کی تعمیر اور مہمان خانوں کے ساتھ ساتھ گوردوارے کی تزئین ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.M. Chaudary
8 تصاویر1 | 8
انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے کے تناظر میں کہا کہ وہ محبتیں بانٹنے کے قائل ہیں۔ خیال رہے کہ سدھو کی طرف سے پاکستانی فوجی سربراہ سے گلے ملنے کے معاملے کو بھارت میں کافی زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسی تناظر میں انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی 'جادو کی جپھی‘ دینے کی خواہش مند ہیں۔ تاکہ کرتار پور کوریڈو کے خواب کو حقیقت بنانے میں ان کے کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا جا سکے۔
بھارت سے سینکڑوں سکھوں کا پہلا گروپ پاکستانی علاقے کرتار پور میں موجود گورونانک کے گردوارے کی زیارت اور افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچا ہوا ہے۔ بابا گورو نانک کے سن 1504 میں تعمیر کردہ گوردوارے کی زیارت کے لیے پہنچنے والے گروپ میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ بھی شامل ہیں۔