سرمایہ دارانہ نظام کی مخالفت، سوئس بینک کی عمارت پر قبضہ
18 نومبر 2011خبر ایجنسی اے ایف پی نے لندن سے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ ’لندن اسٹاک ایکسچینج پر قبضہ کرو‘ نامی تحریک میں شامل احتجاجی کارکنوں نے جمعے کے روز برطانوی دارالحکومت میں تین مختلف مقامات پر بڑے مظاہرے کیے۔ اس دوران انہوں نے سوئٹزر لینڈ کے بہت بڑے مالیاتی ادارے UBS کی ملکیت ایک ایسی دفتری عمارت پر قبضہ بھی کر لیا جو اس وقت خالی ہے۔
برطانیہ میں نیو یارک کی ’وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو‘ نامی تحریک کی طرز پر سرمایہ دارانہ نظام کے مخالفین اپنی جو مقامی تحریک چلا رہے ہیں، اس کا نام ’لندن اسٹاک ایکسچینج پر قبضہ کرو‘ ہے۔ اس برطانوی احتجاجی تحریک کو مختصر طور پر Occupy LSX کا نام دیا گیا ہے۔
نیو یارک میں اپنے ہم خیال مظاہرین کی طرح لندن میں بھی ایسے مظاہرین نے شہر کے مشہور زمانہ بازار حصص کے قریب ہی اپنے خیمے بھی لگا رکھے ہیں۔ لندن میں بڑے بڑے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے زیادہ تر دفاتر شہر کے Finsbury Square نامی علاقے میں ہیں، جسے عرف عام میں لندن کا فنانشل ڈسٹرکٹ قرار دیا جاتا ہے۔
اسی علاقے میں لندن کا مشہور زمانہ سینٹ پال کیتھیڈرل بھی ہے اور Occupy LSX نامی تحریک کے ارکان نے اپنے احتجاجی کیمپ اس تاریخی کلیسا کے باہر قائم کر رکھے ہیں۔
جمعے کے روز اس تحریک کے کئی درجن مظاہرین مشرقی لندن میں Hackney کے علاقے میں ایک ایسی عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے جو سوئس بینک یو بی ایس کی ملکیت بتائی گئی ہے۔ اس عمارت پر قبضے کے بعد تحریک کی طرف سے کہا گیا کہ سرمایہ دارانہ نظام کی مذمت کرتے ہوئے اب اس عمارت میں اس تحریک کے کارکن Bank of Ideas قائم کریں گے۔
اس بارے میں لندن میں Occupy LSX کے ایک سرکردہ رکن Jack Holburn نے اس تحریک کی ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ سبھی بینک ایسے خاندانوں کی رہائش گاہوں کو زبردستی اپنی ملکیت میں لے لیتے ہیں، جو مالی ادائیگیوں کے قابل نہیں رہتے۔ ’’اس لیے اب ایسے بینکوں کی خالی املاک کو بھی عوام کو اپنے قبضے میں لے لینا چاہیے۔‘‘
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک