سرکاری ہسپتالوں کے مخدوش حالات، روسی ڈاکٹر پریشان
29 نومبر 2019
روس میں ہیلتھ کیئر سیکٹر کے حالات پریشان کن خیال کیے جاتے ہیں۔ ہر سال دس فیصد ڈاکٹر اس شعبے سے منہ موڑ لیتے ہیں۔ اس وقت روس میں پچیس ہزار سے زائد میڈیکل اسٹاف کی کمی کا رونا رویا جا رہا ہے۔ دور دراز کے علاقوں میں ڈاکٹر دستیاب ہی نہیں ہیں۔ انتہائی شمالی روسی علاقے میں تینتالیس ہزار کی آبادی کے لیے صرف ایک ڈاکٹر تعینات ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق روسی حکومت اپنے ہیلتھ کیئر سیکٹر پر مجموعی قومی پیداوار (GDP) کا صرف 3.7 فیصد خرچ کرتی ہے۔ اس کے مقابلے میں دیکھا جائے تو جرمنی میں مجموعی قومی پیداوار کا 11.5 فیصد ہیلتھ سیکٹر میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح بیلجیئم 10.5 فیصد اور ہالینڈ میں 9.9 فیصد مجموعی قومی پیداور میں سے صحت کے لیے استعمال میں لا تا ہے۔
طبی شعبے سے منہ موڑنے میں صرف ڈاکٹر ہی نہیں ہیں بلکہ میڈیکل کالجوں سے فارغ التحصیل نئے گریجوایٹس بھی شامل ہیں۔ وہ اس کوشش میں ہوتے ہیں کہ حکومت کے زیر نگرانی چلنے والے ہسپتالوں میں ملازمت اختیار ہی نہ کی جائے۔ ایسی ہی ایک خاتون یلینا ہیں جو اسپورٹس ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں لیکن وہ جز وقتی طور پر ایک حکومتی ہسپتال میں نرس کے فرائض بھی سرانجام دیتی ہیں۔
یلینا کا کہنا ہے کہ کام کا ماحول پریشان کن ہے اور آرام کے اوقات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کے علاوہ اوور ٹائم کی زیادتی بھی ہسپتالوں کے اسپورٹ اسٹاف کے لیے انتہائی پریشان کن ہے۔ ایک اور ہسپتال کی نرس کے مطابق اتنا زیادہ کام نہ کریں تو وقت نہیں گزرتا حالانکہ اُس کا شوہر بھی ڈاکٹر ہے۔ ان دونوں نے ہسپتالوں میں تیرہ برس کی نوکری کے بعد اب ہیلتھ سیکٹر کو خیرباد کہنے میں عافیت سمجھی ہے۔
روس کے سرکاری ہسپتالوں میں مشکل حالات کی وجہ سے ملازمین کا آئے روز ہڑتال کرنا معمول بن چکا ہے۔ یہ صورت حال خاص طور پر دیہی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ دارالحکومت ماسکو کے شمال مغرب میں واقع نوووگراڈ کے تین علاقائی ہسپتالوں میں تین دن تک ڈاکٹروں نے مسلسل ہڑتال کر رکھی تھی اور اس باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سات برس قبل صدر ولادیمیر پوٹن نے سن 2018 تک مختلف علاقوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں غیرمعمولی اضافے کا یقین دلایا تھا۔ لیکن مقررہ مدت سے زیادہ ایک سال گزرنے کے بعد بھی کچھ بھی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ روسی ڈاکٹروں کی ماہانہ تنخواہ چھ سو ڈالر کے قریب ہے۔
بڑے شہروں کے اعلیٰ ترین ڈاکٹروں کی ماہانہ تنخواہیں بہت زیادہ بتائی جاتی ہیں۔ ہڑتالوں یا تنخواہوں کے مطالبے پر ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف بھی کر دیا جاتا ہے یا پھر اُن کا مشکل موسمی حالات کے علاقوں میں تبادلہ کر دیا جاتا ہے۔ اس مناسبت سے روسی ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔
تاتیانا کونڈراٹینکو (ع ح ⁄ ع آ)