1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرینا ولیمز نے بیسواں گرینڈ سلیم ٹائٹل بھی جیت لیا

عاطف بلوچ6 جون 2015

امریکی خاتون اسٹار کھلاڑی سرینا ولیمز نے فرنچ اوپن کے فائنل میں چیک کھلاڑی لوسی سافارووا کو شکست دے کر بیسویں مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

تصویر: J. Finney/Getty Images

عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز نے ہفتے کے دن ایک ڈرامائی کھیل کے بعد عالمی نمبر تیرہ سافارووا کو چھ تین، سات چھ اور چھ دو سے مات دی۔ فرنچ اوپن کا یہ فائنل میچ دو گھنٹے اور ایک منٹ تک جاری رہا۔ یہ امر اہم ہے کہ سیرینا ولیمز نزلے کی شکار تھیں اور انہوں نے جمعے کے دن معمول کی پریکٹیس بھی نہیں کی تھی۔ تاہم ہفتے کے دن جب وہ کورٹ میں اتریں تو نقاہت کے باوجود اپنی تمام تر توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے انہوں نے سافارووا کو شکست سے دوچار کر دیا۔

میچ کے بعد سیرینا نے فرنچ زبان میں اپنی حریف کھلاڑی کو خراج تحیسن پیش کرتے ہوئے کہا، ’’سافارووا نے انتہائی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ ایک بہترین حریف ثابت ہوئی۔‘‘ اپنی کامیابی پر خوشی کےاظہار میں انہوں نے کہا، ’’یہ ٹورنامنٹ جیتنا میرا خواب تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہوں نے ایک اور ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

اس موقع پر اٹھائیس سالہ سافارووا نے سیرینا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’سیرینا تم نے آج حیرت انگیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تم ایک شاندار فائٹر ہو۔ تمیں یہ جیت مبارک ہو۔‘‘ یہ امر اہم ہے کہ سافارووا کا کسی گریںڈ سلیم کا یہ پہلا فائنل میچ تھا۔

سافارووا کا کسی گریںڈ سلیم کا یہ پہلا فائنل میچ تھاتصویر: Getty Images/AFP/K. Tribouillard

33 سالہ ولیمز نے فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے ساتھ بیس مرتبہ میجر سنگل ٹائٹلز اپنے نام کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔ یوں وہ مردوں اور خواتین کھلاڑیوں میں ایسی تیسری کھلاڑی بن گئی ہیں، جنہوں نے اتنی مرتبہ یہ ٹائٹل جیتا ہے۔ جرمن خاتون کھلاڑی اسٹیفی گراف نے بائیس جبکہ آسٹریلوی خاتون کھلاڑی مارگریٹ کورٹ نے چوبیس مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کر رکھے ہیں۔

قبل ازیں سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ نے فرنچ اوپن کے دوسرے سیمی فائنل میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد برطانوی اسٹار اینڈی مرے کو شکست دے دی۔ بارش سے متاثرہ اس میچ کا کچھ حصہ آج بروز ہفتہ مکمل کیا گیا۔ نوواک جوکووچ اب فائنل میں سوئس کھلاڑی اسٹانیسلانس واورینکا کے مد مقابل آئیں گے۔ ایک طویل مقابلے کے بعد جوکووچ نے چھ تین، چھ تین، پانچ سات، پانچ سات اور چھ ایک سے مرے کو مات دی۔ فرنچ اوپن میں مردوں کا سنگلز فائنل اتوار کے دن کھیلا جائے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں