1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا: ریکارڈ توڑ مہنگائی اور خوارک و ایندھن کی شدید قلت

17 مارچ 2022

سری لنکا کے صدر نے عوام سے ایندھن اور بجلی کے استعمال میں کفایت شعاری سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ تاہم عوام آزادی ملنے کے تقریباً 75 برس بعد بھی ملک کے بدترین معاشی بحران کے لیے راجا پکشے حکومت کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے۔

Proteste der Oppositionspartei in Sri Lanka
تصویر: Pradeep Dambarage/ZUMA Press Wire/dpa/picture alliance

سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پاکشے نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ان کا ملک بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ایک بیل آؤٹ پیکج کا مطالبہ کرے گا۔ اس وقت ملک میں ضروری اشیا کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں، جس کے خلاف مظاہرین نے بطور احتجاج صدارتی محل پر دھاوا بول دیا تھا اور اس واقعے کے محض 24 گھنٹے بعد یہ اعلان سامنے آیا ہے۔

سری لنکا کے صدر کا کہنا کہ معاشی بحران کے سبب ان کی حکومت آئی ایم ایف، دیگر ایجنسیوں اور بعض ممالک کے ساتھ قرض کی ادائیگیوں کو موخر کرنے پر بھی بات چیت کر رہی ہے۔

سری لنکا سن1948 میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد پہلی بار اس وقت بدترین قسم کے معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور بہت سی ضروری اشیا کی قلت کا سامنا ہے۔ ملک کے صدر نے اپنے شہریوں سے کہا کہ وہ بجلی اور ایندھن کے استعمال کو محدود کرنے میں مدد کریں۔

گرچہ سری لنکا میں یہ مسئلہ یوکرین کے تنازع سے پہلے ہی سے جاری ہے تاہم ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے حالیہ ہفتوں میں صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔

صدر کا قوم سے خطاب

سری لنکا کے صدر راجا پاکشے نے صورتحال کے پیش نظر قوم کے نام خطاب کیا اور کہا، '' بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ بات چیت کے بعد، میں نے ان کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔''

ان کا مزید کہنا تھا، ''ایندھن اور بجلی کے استعمال کو ممکنہ حد تک محدود کر کے، اس وقت عام شہری بھی ملک کے لیے اپنا تعاون پیش کر سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ اس مشکل وقت میں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔''

تصویر: Eranga Jayawardena/AP Photo/picture alliance

بڑے پیمانے پر احتجاج

ملک کی سیاسی جماعتوں اور سول گروپ نے اس معاشی بحران کی ذمہ داری حکومت پر عائد کی ہے اور اس کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع کیے ہیں۔

بااثر راجا پاکشے خاندان کے ناقدین ان اس بات کے لیے ان شدید نکتہ چینی کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے اپنے بڑے بھائی مہندا کو وزیر اعظم اور چھوٹے بھائی باسل کا وزیر خزانہ کا عہدہ دے رکھا ہے۔ اب اس صورت حال نے ان کی اقربا پروری اور بد انتظامی کے تئیں احساس کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

اہم اپوزیشن پارٹی نے منگل کے روز صدر کے دفتر کے قریب ایک زبردست مظاہرہ کیا تھا، جس میں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔ افراط زر کی شرحوں میں اضافے سے سری لنکا کے تقریبا ًسوا دو کروڑ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سری لنکا کو اپنی درآمدات کے لیے مالی ادائیگی بہت مشکل ہو رہی ہے اس لیے ملک ریکارڈ سطح کی مہنگائی کے ساتھ ساتھ خوراک اور ایندھن کی بے مثال قلت سے لڑ رہا ہے۔

کورونا وائرس کی وبا نے جزیرے کے سیاحتی شعبے کو سخت نقصان پہنچایا ہے اور بیرون ملک مقیم سری لنکا کے باشندوں کی طرف سے بھی وطن بھیجی جانے والی رقم میں بھی کافی کمی آئی ہے۔

ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی)

پلاسٹک کھاتے ہاتھی

01:46

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں