1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا: مظاہرین پر فائرنگ میں ایک ہلاک متعدد زخمی

20 اپریل 2022

سری لنکا میں گزشتہ کئی روز سے حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ ملک کا معاشی بحران قوم کو تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف لے جا رہا ہے۔

Wirtschaftskrise in Sri Lanka
تصویر: Eranga Jayawardena/AP Photo/picture alliance

سری لنکا میں ہونے والے مظاہروں کے دوران منگل کے روز گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ سری لنکا میں حکومت مخالف مظاہرے گزشتہ کئی روز سے جاری ہیں تاہم  مظاہرین پر براہ راست گولی چلانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

ہسپتال اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تیل کی قلت اور ضروری اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے مظاہرین کا ایک بڑا گروپ دارالحکومت کولمبو سے 95 کلومیٹر مشرق میں رامبوکانہ میں جمع ہوا تھا۔ ہجوم نے وہاں پر بطور احتجاج ریلوے لائن کو بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے براہ راست گولیاں چلائیں۔

پولیس کے ترجمان نہال تھلڈوا نے کہا کہ پولیس نے ابتدائی طور پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، لیکن انہوں نے جوابی کارروائی میں پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ اس پر پولیس نے جواباً  فائرنگ کی۔

ان جھڑپوں میں کم از کم 24 افراد زخمی ہوئے ہیں، جس میں متعدد پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں کم از کم چار مزید افراد کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔

رامبوکانہ میں منعقد ہونے والا احتجاجی جلوس سری لنکا بھر میں ہونے والے بہت سے بے ساختہ اجتماعات میں سے ایک تھا۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 65 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اسی کے بعد ملک بھر میں ان مظاہروں کا آغاز ہوا۔

تصویر: DW

سری لنکا میں تکلیف دہ معاشی بدحالی

چونکہ ملک میں اس وقت ایک غیر معمولی اقتصادی بحران سے دو چار ہے، اس لیے اس جزیرے کے عوام نے حالیہ ہفتوں میں کئی بڑے مظاہرے دیکھے ہیں۔ سب بڑے مسائل اشیائے خورد و نوش کی قلت، ایندھن کی قیمتوں میں زبردست اضافہ اور بڑے پیمانے پر بجلی میں کٹوتی ہے۔

گزشتہ ہفتے حکومت نے سری لنکا کے 51 بلین ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کے لیے اپنے آپ کو دیوالیہ قرار دے دیا تھا اور کولمبو اسٹاک ایکسچینج نے ممکنہ طور پر اپنی مارکیٹ کے خاتمے خدشات کے پیش نظر تجارت کو معطل کر دیا تھا۔

مظاہرین حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ادھر حکومت فوری طور پر ضروری بیل آؤٹ پیکج پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ بات چیت کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ سری لنکا آئندہ مہینوں میں اس بحران پر قابو پانے کے لیے تین ارب ڈالر کے ایک بیل آؤٹ پیکج کا مطالبہ کر رہا ہے۔

 دارالحکومت کولمبو میں مظاہرین نے صدر گوٹابایا راجا پکسے کے دفتر کے باہر ایک ہفتے سے ڈیرا ڈال رکھا ہے۔ پیر کے روز ہی صدر نے کہا تھا کہ ''معاشی بحران کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، اور مجھے اس پر شدید افسوس ہے۔''

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی، ڈی پی اے)

پلاسٹک کھاتے ہاتھی

01:46

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں