1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا تہس نہس، جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں

افسر اعوان18 مارچ 2015

جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر جے پی ڈومینی کی ہیٹ ٹرک کے ساتھ جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں سری لنکا کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس طرح جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

تصویر: Getty Images/R. Pierse

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کا یہ پہلا کوارٹر فائنل سڈنی کے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ اس فتح کی بدولت جنوبی افریقہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچا ہے۔ اب اس کا مقابلہ 24 مارچ کو آک لینڈ میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ یا ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہو گا۔ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کوارٹر فائنل 21 مارچ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

1996ء کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم یہ فیصلہ اس ٹیم کو راس نہ آیا اور جنوبی افریقی بالرز نے سری لنکا کے بیٹسمینوں کو جم کر کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ سری لنکا کی پوری ٹیم محض 37.2 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

عمران طاہر نے محض 26 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ عمران طاہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیاتصویر: Getty Images/AFP/S. Khan

سری لنکا کی طرف سے سب سے زیادہ 45 رنز وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا نے بنائے۔ سنگاکارا کا نہ صرف ورلڈ کپ میں مسلسل پانچویں سنچری بنانے کا ریکارڈ شرمندہٴ تعبیر نہ ہو سکا بلکہ ان کی ٹیم بھی سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنے میں ناکام ہو گئی۔

جے پی ڈومینی کی ہیٹ ٹرک کے علاوہ پاکستانی نژاد جنوبی افریقی اسپن بالر عمران طاہر نے محض 26 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ عمران طاہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

134 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے محض ایک وکٹ گنوائی جو ہاشم آملہ کی تھی۔ وہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر کوئنٹن ڈے کوک نے آؤٹ ہوئے بغیر 57 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ نے 18 ویں اوور میں ہی اپنا ہدف حاصل کر کے فتح اپنے نام کر لی۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کے سلسلے میں اب دوسرا کوارٹر فائنل جمعرات 19 مارچ کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا تیسرے کوارٹر فائنل کے لیے جمعہ 20 مارچ کو ایڈیلیڈ اوول میں مقابلے کے لیے اتریں گے جبکہ چوتھا کوارٹر فائنل 21 مارچ کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آک لینڈ میں ہو گا۔

سیمی فائنل مرحلے کا پہلا میچ 24 مارچ کو آک لینڈ جبکہ دوسرا میچ 26 مارچ کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 29 مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ہو گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں