سری لنکا میں ’کوڑے کرکٹ کے پہاڑ‘ تلے دب کر گیارہ افراد ہلاک
15 اپریل 2017ملکی دارالحکومت کولمبو سے ہفتہ پندرہ اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ شہر کے کولوناوا نامی علاقے میں پیش آیا، جس دوران زیادہ تر کچے گھروں والی ایک بستی کے سینکڑوں گھر اس کوڑے کے نیچے دب گئے۔ اس دوران کم از کم بھی 145 گھروں کے پوری طرح تباہ ہو جانے کی اطلاعات ہیں۔
سری لنکا کے دارالحکومت میں کولمبو نیشنل ہسپتال کی ایک ترجمان نے بتایا کہ کوڑے کرکٹ کے اس پہاڑ کا ایک بڑا حصہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی اس طرح کھسکا کہ اس سے متصل رہائشی بستی کے سینکڑوں کچے مکانات پوری طرح اس کوڑے کے نیچے دب گئے۔
اس حادثے کے نتیجے میں ہفتے کی صبح تک جن 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی تھی، ان میں دو لڑکوں اور دو لڑکیوں سمیت چار بچے بھی شامل ہیں۔ ان بچوں کی عمریں 11 اور 15 برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ہلاک ہونے والے باقی سات افراد اس بستی کے بالغ رہائشی تھے۔
کولمبو نیشنل ہسپتال کے ذرائع کے مطابق کوڑے کرکٹ کے اس پہاڑ کے اس کی قریبی بستی پر آ گرنے کے بعد متعدد ہلاک شدگان کی لاشوں کے علاوہ کل اکیس زخمیوں کو بھی علاج کے لیے وہاں لایا گیا تھا۔ ہسپتال کی ترجمان کے بقول، ’’ہم ابھی تک ہنگامی صورت حال میں ہیں۔ جن اکیس زخمیوں کو کل رات یہاں لایا گیا تھا، ان میں سے پانچ کا ہفتے کو علی الصبح تک انتقال ہو گیا جبکہ باقی کا علاج جاری ہے۔‘‘
اے ایف پی کے مطابق ہفتہ پندرہ اپریل کی دوپہر تک ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملکی فوج کے دستے کوڑے کرکٹ کے وسیع و عریض ڈھیر کے نیچے دبے ہوئے مکانوں سے وہاں پھنسے افراد کو زندہ نکالنے کی کوششیں جا ری رکھے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس لیے پیش آیا کہ پہلے تو جمعرات کے روز اس علاقے میں مسلسل بارش ہوتی رہی تھی اور پھر کوڑے کے اس پہاڑ کے ایک حصے کے کھسک جانے سے چند گھنٹے پہلے اسی جگہ پر کوڑے کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر آگ بھی لگ گئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ اس حادثے نے مقامی رہائشی علاقے کے اتنے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا کہ ان میں سے 625 کو تو امدادی کارکنوں نے فوری طور پر عارضی رہائش کے لیے ایک قریبی اسکول میں منتقل کر دیا تھا۔
کولمبو کے علاقے کولوناوا میں کوڑے کا یہ پہاڑ اتنا بڑا مسئلہ ہے کہ اس کا ذکر ملکی پارلیمان تک میں سننے میں آتا رہا ہے اور پارلیمان نے اسے ماحول اور صحت عامہ کے لیے شدید خطرہ قرار دیا تھا۔
اس جگہ پر ایک پہاڑ کی صورت میں مسلسل گلتے سڑتے ہوئے کوڑے کرکٹ کا حجم قریب 23 ملین ٹن بتایا جاتا ہے، جس میں ہر روز 800 ٹن نئے کوڑے کا اضافہ ہو جاتا ہے۔