سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی
10 جون 2009ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر سری لنکاکو بیٹنگ کی دعوت دی اور سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز جے سوریا اور تلکا رتنے دلشان نے کیا۔ ابتداء سے ہی سری لنکا کے بیٹسمینوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جے سوریا نے 47 گیندوں پر81 رنز بنائے تاہم وہ سائمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ان کے بعد دلشان نے جارحانہ کیھیل کا سلسلہ جاری رکھا تاہم دلشان کے ساتھ سنگاکارا زیادہ دیر تک جم کر نہ کھیل سکے اور وہ صرف پانچ رنز بنا کر سائمنز ہی کی ایک گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کا کیچ فلیچر نے لیا۔ تلکا رتنے دلشان نےگراؤنڈ کے چاروں جانب بہترین شارٹس کھیلے۔ انہوں نے 47 گیندوں پر 74رنز بنائے اور انہیں بھی سائمنز نے ہی آؤٹ کیا۔
مقررہ بیس اووروں میں سری لنکاکی ٹیم 192رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سائمنز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہو ئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک وکٹ ٹیلر نے لی۔
ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے سری لنکا کی جانب سے دئے گئے ہدف 193 رنز کا تعاقب جاری رکھا لیکن مقررہ 20 اوورز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف 177رنز بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے برا وو نے سب سے زیادہ 51 رنز بنائے۔ سر ی لنکا کی جانب سے مالنگا اور مینڈس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مرلی دھرن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : مقبول ملک