سری لنکا نے ڈے نائٹ ٹيسٹ کھيلنے کی پيشکش مسترد کر دی
17 اگست 2013سری لنکا کرکٹ (سری لنکن کرکٹ بورڈ) کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ ايک بيان ميں بتايا گيا ہے کہ قومی کرکٹ ٹيم کے کھلاڑيوں نے فلڈ لائٹس تلے گلابی رنگ کی گيند کے ساتھ کھيلنے کی پريکٹس نہيں کی ہے اور اسی ليے سری لنکن ٹيم مجوزہ ٹيسٹ ميچ نہيں کھيل سکتی۔ بيان کے مطابق يہ فيصلہ ٹيم کی مينجمنٹ کے ساتھ مشاورت کے بعد کيا گيا ہے۔
متحدہ عرب امارات ميں رواں سال دسمبر سے پاکستان اور سری لنکا کے مابين تين ٹيسٹ ميچوں، پانچ ايک روزہ انٹرنيشنل ميچوں اور دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی ميچوں کی سيريز شروع ہو رہی ہے۔ پاکستان نے اس سيريز کے ايک ٹيسٹ ميچ کو ڈے نائٹ ميچ کے طور پر کھيلنے کی پيشکش کی تھی۔
واضح رہے کہ انٹرنيشنل کرکٹ کونسل پچھلے سال سے اس بات کی اجازت دے چکی ہے کہ اگر کوئی دو ملک چاہيں تو کھيل کے اوقات، گيند کی قسم اور اس کے رنگ پر اتفاق کر کے ڈے نائٹ ٹيسٹ ميچ کھيل سکتے ہيں۔
دريں اثناء ہرارے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق زمبابوے کے کرکٹرز نے اسی ماہ تيئس اگست سے پاکستان کےخلاف شروع ہونے والی سيريز کے ليے ٹريننگ دوبارہ شروع کر دی ہے۔ قبل ازيں تنخواہوں کی ادائيگی سميت ميچ فيس اور مستقبل کے معاہدوں سے متعلق چند تنازعات کے باعث زمبابوے کے کھلاڑيوں نے سيريز کے ليے ہونے والی پريکٹس رواں ہفتے منگل سے عارضی طور پر ترک کر دی تھی، جس سے اس سيريز کے منسوخ ہونے کےخدشات بھی پيدا ہو گئے تھے۔ تاہم جمعے سولہ اگست کے روز چند سينيئر کھلاڑيوں اور کپتان برينڈن ٹيلر نے زمبابوے کرکٹ کے مينيجنگ ڈائريکٹر ولفريڈ مکونڈيوا سے ملاقات کی، جس کے بعد کھلاڑيوں نے تربيتی کيمپ ميں دوبارہ شرکت کرنے کا فيصلہ کيا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درميان دو ٹيسٹ، تين ايک روزہ اور دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی ميچز کھيلے جائيں گے۔ آئندہ جمعے سے شروع ہونے والی يہ سيريز زمبابوے ميں کھيلی جائے گی۔