بھارتی ٹیم سے مسلسل چار میچوں میں شکست سے سری لنکن ٹیم کی عالمی درجہ بندی میں کمی واقع ہو گئی ہے۔ پوائنٹس میں کمی کی وجہ سے سری لنکا کی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی سے محروم ہو سکتی ہے۔
اشتہار
بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورے سے قبل سری لنکا کی ٹیم کی پوزیشن ساتویں تھی اور اُس کے پوائنٹس کی تعداد نوے تھی۔ بھارت سے مسلسل چار میچوں میں شکست کھانے سے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے پوائنٹس میں کمی واقع ہوتی رہی اور اب وہ آٹھویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ اُس کی سابقہ پوزیشن یعنی ساتویں پر بنگلہ دیش کی ٹیم براجمان ہو گئی ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے پوائنٹس 94 ہیں۔ اس طرح وہ فی الحال ورلڈ کپ سن 2019 میں اپنی شرکت کو محفوظ بنانے میں ناکام ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سن 2019 میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم براہ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس ناکامی کی بنیادی وجہ بھارتی ٹیم سے چار ایک روزہ میچوں میں مسلسل شکست قرار دی گئی ہے۔ بھارت کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سری لنکن ٹیم کو کم از کم دو میچ جیتنا ضروری تھے، اگر ایسا ہو جاتا تو وہ دو برس بعد ہونے والے عالمی کپ میں اپنی جگہ محفوظ بنا سکتی تھی۔
سری لنکا کی ٹیم کے لیے ساتویں پوزیشن کا حصول تیس ستمبر سے قبل صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف کتنا خراب کھیلتی ہے۔ ان ممالک کے خلاف جزائر غرب الہند (ویسٹ انڈیز) کی ٹیم نے چھ میچ کھیلنے ہیں اور کم از کم ایک شکست پر سری لنکا کی پوزیشن بہتر ہو سکتی ہے۔ بصورت دیگر سری لنکا کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں شریک ہونا پڑے گا۔
کرکٹ کھیلنے والی اقوام کی درجہ بندی میں پہلی سات ٹیمیں اور انگلینڈ رواں مہینے کے اختتام پر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اس درجہ بندی میں پاکستان 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے مقام پر ہے۔ سن 2019 کا کرکٹ ورلڈ کپ انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
کالام فیسٹیول،سیاحت کی بحالی میں اہم پیش رفت
ٹوارزم کارپوریشن خیبر پختونخوا اور ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے وادی کالام میں سہ روزہ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں سیاحوں نے شرکت کی۔
تصویر: DW/A. Bacha
کالام فیسٹیول
ٹوارزم کارپوریشن خیبر پختونخوا اور ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے وادی کالام میں سہ روزہ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں سیاحوں نے شرکت کی۔
تصویر: DW/A. Bacha
خیبرپختونخوا کا روایتی کھیل’’ مُخہ‘‘ تیر اندازی
فیسٹیول کے دوران پختون علاقے کے روایتی کھیل جسے پشتو میں ’’مُخہ‘‘ کہا جاتا ہے یعنی تیر اندازی کے مقابلوں میں بھی سیاحوں نے طبع آزمائی کی۔ ایک لمبے اور بھاری تیر سے اونچائی پر نشانے لگائے گئے۔ فیسٹیول کے تین دن تیر اندازی کے اس مقام پر لوگوں کی کثیر تعداد موجود رہی۔
تصویر: DW/A. Bacha
سیاحوں کی کثیر تعداد
امسالہ سہ روزہ کالام سمر فیسٹول میں ملک کے طول و عرض سے ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے شرکت کی۔ فیسٹیول کے ساتھ ساتھ سیاح دیگر سیاحتی مقامات سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ کراچی سے آئی خاتون زرینہ ملک نے بتایا، ’’ ہم کالام فیسٹیول سے خوب لطف اندوز ہوئے، یہاں کا موسم بہت ہی دلفریب ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی کھینچ لاتی ہیں۔‘‘
تصویر: DW/A. Bacha
روایتی رقص ’’خٹک ڈانس‘‘ کا مظاہرہ
کالام فیسٹیول کے موقع پر روایتی رقص خٹک ڈانس کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران سیاح بھی فنکاروں کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے دکھائی دیے۔
تصویر: DW/A. Bacha
سیاحوں نے بھی بھنگڑے ڈالے
محفل موسیقی کے دوران جہاں سیاح گلوکاروں کے فن سے محظوظ ہوتے رہے وہیں دوسری جانب بھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار بھی کرتے دکھائی دیے۔ مردان کے رہائشی محمد عثمان نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ آج اس کی خوشی دیدنی ہے’’میں موسیقی پر رقص کرتے ہوئے ہی اپنی خوشی کا اظہار کر سکتا ہوں۔‘‘
تصویر: DW/A. Bacha
ہنڈی کرافٹس اور روایتی پکوانوں کے اسٹالز
کالام کے شاہی گراؤنڈ میں فیسٹول کے موقع پر تیس سے زائد ثقافتی اسٹالز لگائے گئے تھے، جن میں ہینڈی کرافٹس، کندہ کاری، گارمنٹس اور ہاتھوں سے بنائی گئی اشیاء کے اسٹالز شامل تھے اسی طرح صوبہ بھر کے مختلف روایتی پکوانوں کے اسٹالز بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
تصویر: DW/A. Bacha
مہوڈنڈ میں ٹینٹ ویلج کا قیام
بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کی وجہ سے کالام کے ہوٹلوں میں کمروں کا حصول مشکل دکھائی دیا اور سیاحوں نے کالام میں دریاء کے کنارے اور مہوڈنڈ جھیل کے کنارے ٹینٹوں میں ہی قیام کیا۔ سیاح کالام فیسٹیول اور ٹھنڈے موسم سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
تصویر: DW/A. Bacha
اختتامی روز وزیر اعلیٰ کی شرکت
فیسٹیول کے اختتامی روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بھی اس میلے میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھا رہی ہے اور اسی طرح کی سرگرمیوں سے اس صنعت کو فروغ ملے گا۔