1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب: سب سے زیادہ پاکستانیوں کے سرقلم

13 ستمبر 2019

سعودی عرب میں جمعرات کو چیچہ وطنی سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کا  سر قلم  کر دیا گیا۔ سعودیہ میں اس سال اب تک ایک خاتون سمیت  چھبیس پاکستانیوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔  

Pakistan Saudischer Kronprinz Mohammed bin Salman zu Besuch
تصویر: picture-alliance/dpa/SPA

انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیم جسٹس پراجیکٹ پاکستان کی ڈاریکٹر سارہ بلال نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے اپنی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں میں سے دو ہزار کے لگ بھگ پاکستانیوں کی رہائی کے وعدے پر عمل نہیں کیا بلکہ ان میں سے کچھ کی سزائے موت پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس سال فروری میں پاکستان کے اعلی سطحی دورے میں وزیراعظم عمران خان کے سامنے اکیس سو سات پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔

اس کے بعد پچھلے ماہ اگست میں سمندر پار پاکستانیوں کے وزیر ذلفی بخاری نے اعلان کیا کہ تیرہ سو پچاس پاکستانی قیدیوں کو رہا کرواکر واپس ملک لایا جا چکا ہے۔ تاہم انہوں نے ان قیدیوں کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں نہ ہی باقی قیدیوں کی رہائی کے بارے میں کچھ واضح کیا۔

تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Martin

جسٹس پراجیکٹ پاکستان کے مطابق بیرون ملک جیلوں میں گیارہ ہزار کے قریب پاکستانی موجود ہیں، جن میں سات ہزار کے لگ بھگ مشرق وسطی ٰمیں قید ہیں۔ 

سعودی عرب یوں تو پاکستان کا بڑا اتحادی ہے لیکن اس کی جیلوں میں موجود غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد بھی پاکستانیوں کی ہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سعودی عرب میں تین ہزار چار سو پاکستانی قید ہیں، جن میں سے اس سال اب تک ایک خاتون سمیت  چھبیس افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔

سر قلم کرکے سزائے موت پر عملدرآمد کا تازہ ترین واقعہ جمعرات کے روز جدہ کے شمیسی جیل میں پیش آیا جس میں چیچہ وطنی کے ایک مزدور محمد عمران کوموت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ وہ دوہزار گیارہ میں کام کی غرض سے سعودی عرب گئے تھے ۔ انہیں جدہ ائیرپورٹ پر منشیات کے الزام میں پکڑا لیا گیا تھا۔ جسٹس پراجیکٹ پاکستان کے مطابق ان پر چلنے والے مقدمے کی تمام تر کارروائی  عربی زبان میں  کی گئی، انہیں کوئی مترجم نہیں دیا گیا اور نہ ہی انہیں اپنے قانونی دفاع کے لیے کوئی  سہولت فراہم کی گئی۔

تصویر: picture-alliance/dpa

قانونی ماہرین کی سعودی عرب کے عدالتی نظام پر سب سے بڑی تنقید یہ ہے کہ اس نظام کے تحت دی جانے والی سزائیں انصاف کے تقاظوں پر پورا نہیں اترتیں اور بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہیں۔ سعودی حکام عام طور پر موت کے گھاٹ اتارے جانے والے قیدیوں کے ورثا کو نہ سزا کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں اور نہ انہیں قیدی سے آخری ملاقات کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ حتیٰ کہ سزائے موت کے بعد قیدیوں کی لاشیں بھی اکثر ورثا کے حوالے نہیں کی جاتیں بلکہ وہیں دفنا دی جاتی ہیں۔

انسانی حقوق کے ماہرین کے مطابق یہ روش قانونی، اخلاقی اور اسلامی اقدار کے بھی منافی ہے، جسے سعودی حکومت کو بدلنے کی اشد ضرورت ہے۔ محمد عمران کے ورثا کا سعودی حکام سے مطالبہ ہے کہ ان کی لاش خاندان کے حوالے کی جائے تاکہ وہ ان کی تدفین اپنی روایات کی مطابق کر سکیں۔  

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں