پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزاء کی سعودی عرب میں مسجدِ نبوی آمد کے موقع پر وہاں موجود بعض افراد نے ’’چور چور‘‘ کے نعرے بلند کیے۔ ملک کے زیادہ تر حلقے اس واقعہ کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔
اشتہار
گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں واقع مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک مسجدِ نبوی کے اندر پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے خلاف بعض افراد نے نعرے بازی کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بعض ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وفاقی کابینہ میں شامل اراکین جب پیغمبر اسلام کے روضہ پر حاضری دینے کے لیے جا رہے تھے تو وہاں موجود بعض افراد کی جانب سے انہیں گھیر کر "چور چور" کے نعرے لگائے گئے اور ان کے ساتھ بدتمیزی بھی کی گئی۔
مسجدِ نبوی میں نعرے بازی، ایک قابل مذمت حرکت
پاکستان مسلم نون سمیت حکومتی جماعتوں اور دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات کی جانب سے اس عمل کی شدید مذمت بھی کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، جو خود بھی شازین بگٹی کے ہمراہ اس نعرے بازی کا نشانہ بنی ہیں، نے ایک ویڈیو پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر ان کو اس عمل کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا، ''اس شخص [عمران خان] نے معاشرے میں جو تباہی میں مچا دی ہے اور جو آج بدتمیزی اور رویہ اختیار کیا گیا اس کو ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔‘‘
اسلام قبول کرنے والے سابق پاکستانی کرکٹر محمد یوسف نے بھی اس افسوسناک واقع پر ٹویٹ میں لکھا، ''آج روضہ رسول پر جو کچھ ہوا وہ دیکھ کے اے اللہ میں پوری امت کی طرف سے تجھ سے معافی مانگتا ہوں۔‘‘
علاوہ ازیں پاکستانی میڈیا کے مطابق جے یو آئی ایف کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روضہ رسول کی توہین قابل مذمت ہے۔
سیاسی عدم برداشت
مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق مسجد نبوی میں نعرے بازی کرنے والے افراد مبینہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی تھے۔
اس ویڈیو کو ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے لکھا، '' اور ابھی یہ لوگ حکومت میں ہیں جب لوگ ان کو ایوانوں سے ٹھڈے مار کر نکال باہر کریں گے پھر یہ گھروں کیسے باہر نکلیں گے؟‘‘
ع آ / ع ا
دنیا کی بڑی مساجد ایک نظر میں
یورپ کی سب سے بڑی مسجد روس میں واقع ہے اور اس کا افتتاح گزشتہ برس کیا گیا تھا۔ اس روسی مسجد میں ایک وقت میں دس ہزار افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ دنیا کی دیگر بڑی مساجد کی تصاویر دیکھیے، اس پکچر گیلری میں۔
تصویر: Reuters/M. Zmeyev
مسجد الحرام
مکہ کی مسجد الحرام کو عالم اسلام کی اہم ترین مساجد میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ ساڑھے تین لاکھ مربع میٹر پر تعمیر کی جانے والی یہ مسجد دنیا کی سب سے بڑی مسجد بھی ہے۔ یہ مسجد سولہویں صدی میں قائم کی گئی تھی اور اس کے نو مینار ہیں۔ خانہ کعبہ اسی مسجد کے مرکز میں ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ کئی مرتبہ اس عمارت میں توسیع کی جا چکی ہے اور آج کل اس میں دس لاکھ افراد ایک وقت میں نماز ادا کر سکتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dAP Photo/K. Mohammed
مسجد نبوی
مسجد الحرام کے بعد مسجد نبوی اسلام کا دوسرا مقدس ترین مقام ہے۔ اس مسجد میں پیغمبر اسلام کی آخری آرام گاہ بھی موجود ہے۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد سن 622ء میں رکھا گیا تھا۔ اس میں چھ لاکھ افراد کی گنجائش ہے اور اس کے میناروں کی اونچائی ایک سو میٹر ہے۔
تصویر: picture-alliance/epa
یروشلم کی مسجد الاٰقصی
مسجد الاقصیٰ مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مذہبی مقام ہے اور یہ یہودیوں کے مقدس ترین مقام ٹیپمل ماؤنٹ کے ساتھ ہی واقع ہے۔ گنجائش کے حوالے سے اس مسجد میں صرف پانچ ہزار افراد ہی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس مسجد کا سنہری گنبد دنیا بھر میں خاص شہرت رکھتا ہے۔ اس مسجد کا افتتاح سن 717ء میں ہوا تھا۔
تصویر: picture alliance/CPA Media
حسن دوئم مسجد، مراکش
مراکش کے شہر کاسابلانکا کی یہ مسجد مراکش کے باشادہ شاہ حسن سے موسوم ہے۔ کاسابلانکا کو دار البیضاء بھی کہا جاتا ہے۔ اس مسجد کا افتتاح 1993ء میں شاہ حسن کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا تھا۔ اس کا مینار 210 میٹر اونچا ہے، جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
تصویر: picture alliance/Arco Images
ابو ظہبی کی شیخ زید مسجد
2007ء میں تعمیر کی جانے والی یہ مسجد دنیا کی آٹھویں بڑی مسجد ہے۔ اس مسجد کا طرز تعمیر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کے گنبد کا قطُر 32 میٹر کے برابر ہے اور اسے دنیا کا سب سے بڑا گنبد بھی قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پانچ ہزار مربع میٹر پر بچھایا ہوا قالین ہاتھوں سے بُنا گیا ہے، جو اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا قالین ہے۔
تصویر: imago/T. Müller
روم کی مسجد
اطالوی دارالحکومت روم کیتھولک مسیحیوں کا مرکز کہلاتا ہے لیکن اس شہر میں ایک بہت بڑی مسجد بھی ہے۔ تیس ہزار مربع میٹر پر پھیلی ہوئی یہ مسجد یورپ کی سب بڑی مسلم عبادت گاہ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔ اس مسجد کے احاطے میں اٹلی کا اسلامی مرکز قائم ہے اور یہاں پر ثقافتی اجتماعات کے ساتھ ساتھ سنی اور شیعہ مسالک کی مذہبی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/akg-images
گروزنی کی احمد قدیروف مسجد
چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی کی مرکزی مسجد جمہوریہٴ چیچنیا کے سابق صدر اور روسی مفتی احمد قدیروف سے موسوم ہے۔ احمد قدیروف 2004ء میں ایک حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ اس مسجد کی تعمیر کو چیچنیا میں ہونے والی خانہ جنگی کی وجہ سے کئی مرتبہ ملتوی کرنا پڑا تھا۔ اس عبادت گاہ کو ایک ترک کمپنی نے تعمیر کیا ہے اور اس کا افتتاح 2008ء میں کیا گیا۔ یہ مسجد زلزلہ پروف ہے۔
روسی جمہوریہٴ تاتارستان کی یہ مسجد روسی قبضے سے قبل کے کازان کے آخری امام کی یاد دلاتی ہے۔ اس مسجد کے پڑوس میں ایک آرتھوڈوکس کلیسا بھی قائم ہے اور یہ دونوں عبادت گاہیں تاتارستان میں آرتھوڈوکس اور مسلمانوں کے پر امن بقائے باہمی کی علامت ہیں۔ 2005ء میں نو سال تک جاری رہنے والی تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران اس مسجد کو وسعت دی گئی تھی۔