سعودی عرب ميں کون کون شراب خريد سکتا ہے؟
1 دسمبر 2025
اب سفارت کاروں کے علاوہ ديگر غير ملکی شہريوں کو بھی شراب کی فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ پچھلے ماہ سے 'پريميئم‘ ويزا ہولڈرز سعودی عرب ميں شراب خريد سکتے ہيں۔ يہ پہلا موقع ہے جب سفارت کاروں کے علاوہ ديگر غير ملکيوں کو دارالحکومت رياض کے ڈپلوميٹک کوارٹرز ميں شراب کی خريداری کی اجازت ملی۔ اب تمام غير ملکی جن کی ماہانہ تنخواہ پچاس ہزار ريال يا تيرہ ہزار ڈالر ہے، رياض ميں شراب کی دکانوں سے شراب خريد سکتے ہيں۔
ریاض میں شراب کی فروخت میں اضافہ، سعودی عرب میں نیا کاروباری رجحان
ايک مقامی شخص نے اے ايف پی کو بتايا کہ ریاض میں شراب کی فروخت میں زبردست اضافہ دیکھا گيا ہے۔ ابتدائی پابندی میں نرمی کے بعد سے پریمیم ویزا کے حامل 12,500 سے زائد رہائشیوں نے دکانوں سے شراب خریدی۔ سعودی عرب میں سن 2019 میں شروع ہونے والا 'پریمیم ويزا‘ مخصوص غیر ملکیوں کے لیے دستیاب ہے، جو کئی شرائط پوری کرتے ہیں۔ ان میں 800,000 ریال کی ایک مرتبہ ادائیگی کی شرط بھی شامل ہے۔
پابندی میں نرمی کے آثار
اے ایف پی نے سعودی حکام سے اس معاملے میں وضاحت طلب کی تاہم فی الحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
اطلاعات ہیں کہ سعودی عرب کے دیگر بڑے شہروں میں بھی مزید شراب کی دکانیں کھولنے کے منصوبے ہیں۔ جدہ اور دھہران میں دکانیں 2026 میں کھولنے کی منصوبہ بندی ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
شراب پر پابندی میں نرمی اس وقت سامنے آئی، جب دارالحکومت کے سفارتی علاقے میں جنوری 2024 میں شراب کی اپنی پہلی اور واحد دکان کھلی۔ يہ صرف غیر مسلم غیر ملکی سفارتکاروں کے لیے مخصوص تھی۔ اس وقت کوئی سرکاری اعلان نہیں ہوا تھا، مگر دو ذرائع نے اے ایف پی کو اس کی تصدیق کی۔
سالوں سے شہر کے بعض رہائشی خود غیر قانونی شراب تیار کرتے رہے ہیں جبکہ دیگر افراد بلیک مارکیٹ کی طرف رجوع کرتے ہیں، جہاں ایک بوتل وسکی کی قیمت کئی سو ڈالر تک پہنچ جاتی ہے۔
سعودی ولی عہد اور عملی طور پر حکمران محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت نے معیشت کو متنوع بنانے اور سیاحت و بین الاقوامی کاروبار کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اصلاحات کی ہیں۔ تاہم شراب کا مسئلہ اب بھی حساس ہے کیونکہ سعودی عرب اسلام کی سرزمین اور دو مقدس شہروں کا گھر ہے۔
سعودی عرب میں شراب پر پابندی 1952 سے نافذ ہے۔ ایک ایسا قانون جو مسلم ممالک میں عام ہے۔
عاص سليم، اے ايف پی کے ساتھ
ادارت: کشور مصطفیٰ