سعودی عرب نے عمرے کے لیے سرحدیں کھولنے کا اعلان کر دیا
8 اگست 2021
سعودی حکومت نے نو اگست سے ایسے افراد کے لیے سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے، جو عمرے کی ادائیگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم ایسے افراد کو ویکسنیشن سرٹیفیکیٹ لازمی طور پر پیش کرنا ہو گا۔
اشتہار
سعودی حکومت نے اٹھارہ ماہ قبل کورونا وباء کی وجہ سے عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی تھی اور اس مقصد کے لیے کسی بھی غیر ملکی کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق پیر نو اگست سے عمرے کے لیے درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ بتدریج شروع کر دیا جائے گا۔
اتوار کے روز سعودی پریس ایجنسی کی طرف سے شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا، ''وزارت حج و عمرہ نے دنیا کے مختلف ممالک سے عمرہ کی درخواستیں بتدریج وصول کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی شہریوں اور رہائشیوں کی طرف سے بھی عمرے کی درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔‘‘
تاہم جاری ہونے والے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمرے کے لیے آنے والے زائرین کو سعودی عرب پہنچنے پر حکومت کی نگرانی میں قرنطینہ کے مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔
اس کے علاوہ بیرون ملک کے ان زائرین ہی کو ملک میں داخلے کی اجازت فراہم کی جائے گی، جنہوں نے سعودی حکومت کی منظور شدہ ویکسین لگوائی ہو گی۔
حکومت نے سعودی شہریوں کے لیے مخصوص شرائط کے تحت یہ سہولت گزشتہ برس اکتوبر میں فراہم کی تھی۔ تاہم سعودی شہریوں کی تعداد کو بھی محدود رکھا گیا تھا۔
حج اور عمرے کی مد میں سعودی حکومت کو سالانہ تقریبا 12 ارب ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے۔ مذہبی سیاحت کو سعودی معیشت میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
ا ا / ش ح (اے ایف پی، روئٹرز)
’حلال سیاحت‘: مسلمان سیاح کن ممالک کا رخ کر رہے ہیں؟
’کریسنٹ ریٹنگ‘ اور ماسٹر کارڈ کی تیار کردہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ’حلال سیاحت‘ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور آئندہ دو سال میں ’مسلم ٹریول مارکیٹ‘ کا حجم 220 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
تصویر: Reuters/O. Orsal
1۔ ملائیشیا
’گلوبل مسلم ٹریول انڈیکس 2018‘ کے مطابق ملائیشیا 80.6 کے اسکور کے ساتھ مسلمان سیاحوں کے لیے سب سے بہترین ملک ہے۔ ملائیشیا کو حلال خوراک، عبادت کی سہولت اور مسلم عقیدے کے لوگوں کے لیے سازگار رہائش کے حوالے سے بہتر درجہ بندی ملی۔ ملائیشیا بیرون ملک جانے والے مسلمان کی تعداد کے اعتبار سے بھی دوسرے نمبر پر رہا۔
اس انڈیکس میں مسلمانوں کے لیے سیاحت کے اعتبار سے دوسرا بہترین ملک انڈونیشیا قرار پایا جس کا مجموعی اسکور 72.8 رہا۔ سیاحت کی غرض سے بیرون ملک سفر کرنے والے انڈونیشی مسلمان اپنی تعداد کے لحاظ سے مسلم دنیا میں چھٹے نمبر پر ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Berry
2۔ متحدہ عرب امارات
اس عالمی درجہ بندی میں انڈونیشیا کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات ہے جس کا مجموعی اسکور بھی 72.8 ہے۔ انڈونیشیا اور ملائیشیا کی نسبت ویزے کے حصول اور حلال ریستورانوں کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کو کم پوائنٹس ملے۔ یو اے ای بیرون ملک سفر کرنے والے مسلمان سیاحوں کی تعداد کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے۔
تصویر: picture-alliance/Kai-Uwe Wärner
4۔ ترکی
اس برس کے گلوبل مسلم ٹریول انڈیکس میں ترکی چوتھے نمبر پر ہے اور اس کا مجموعی اسکور 69.1 رہا۔ تاہم سفری سہولیات کے اعتبار سے ترکی کو سب سے زیادہ پوائنٹس دیے گئے۔ ترکی اپنے ہاں سے بیرون ملک جانے والے سیاحوں کی تعداد کے اعتبار سے بھی چوتھے نمبر پر رہا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Becker
5۔ سعودی عرب
68.7 کے مجموعی اسکور کے ساتھ اس برس سعودی عرب پانچویں نمبر ہے۔ سیاحت کے لیے موزوں ماحول کے ضمن میں سعودی عرب چھٹے جب کہ حلال خوراک اور عبادت کی سہولیات کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہا۔ سیاحت کے لیے بیرون ملک جانے والے مسلمان شہریوں کی تعداد کے اعتبار سے سعودی عرب دنیا بھر میں سرفہرست ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
6۔ قطر
خلیجی ملک قطر چھٹے نمبر پر ہے جس کا مجموعی اسکور 66.2 ہے۔ قطر سیاحت کے لیے بیرون ملک جانے والے مسلمان شہریوں کی تعداد کے اعتبار سے 12ویں نمبر پر ہے۔
تصویر: picture-alliance/Bildagentur-online/AGF
6۔ سنگاپور
سنگاپور بھی 66.2 کے مجموعی اسکور کے ساتھ قطر کے ہمراہ مشترکہ طور پر چھٹے نمبر پر رہا۔ تاہم یہ امر بھی اہم ہے کہ ’حلال سیاحت‘ کے لیے موزوں سمجھے جانے والے ممالک کی ٹاپ ٹین فہرست میں سنگاپور ایسا واحد ملک ہے جہاں کی اکثریتی آبادی مسلمان نہیں ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
8۔ بحرین
آٹھویں نمبر پر بحرین ہے جس کا ’مسلم دوست سیاحت‘ کے لیے دستیاب سہولیات کے حوالے سے مجموعی اسکور 65.9 رہا۔ ماحول کے مسلم سیاحت کے لیے موزوں ہونے کے اعتبار سے بحرین دسویں نمر پر ہے۔
تصویر: picture-alliance/robertharding
9۔ عمان
خلیجی ریاست عمان 65.9 کے مجموعی اسکور کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ سیاحت کی غرض سے دیگر ممالک کا رخ کرنے والے مسلمان شہریوں کی تعداد کے حوالے سے خلیج کی یہ ریاست 16ویں نمبر پر رہی۔
تصویر: J. Sorges
10۔ مراکش
دسویں نمبر پر مراکش ہے جسے مجموعی طور پر 61.7 پوائنٹس دیے گئے۔ گزشتہ برس کے انڈیکس میں مراکش ساتویں نمبر پر تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
19۔ پاکستان
مسلمان سیاحوں کے لیے موزوں ہونے کے حوالے سے مرتب کردہ اس انڈیکس میں پاکستان 19ویں نمبر پر ہے اور اس کا مجموعی اسکور 55.1 رہا۔ گزشتہ برس اس انڈیکس میں پاکستان 23ویں نمبر پر تھا۔ سیاحت کے لیے دیگر ممالک کا رخ کرنے والے اپنے مسلم شہریوں کی تعداد کے حوالے سے البتہ پاکستان 13ویں نمبر پر ہے۔