1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہسعودی عرب

سعودی عرب: ٹریفک حادثے میں درجنوں بھارتی عمرہ زائرین ہلاک

صلاح الدین زین اے ایف پی کے ساتھ
17 نومبر 2025

مکہ سے مدینہ جا رہی ایک بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس میں سوار بیالیس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، جس پر بھارت نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ بیشتر متاثرین کا تعلق ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے ہے۔

بس میں آگ لگنے کی ایک علامتی تصویر
امدادی ٹیموں کا کہنا تھا کہ ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد بس مکمل طور پر جل گئی، جس سے متاثرین کی شناخت کا عمل بھی انتہائی مشکل ہےتصویر: Adriano Machado/REUTERS

بھارت کے جنوبی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کم از کم 42 عمرہ زائرین اس وقت ہلاک ہو گئے، جب مکہ سے مدینہ جانے والی ایک بس سعودی عرب کے ایک فرحت بخش مقام ’’مفرحت‘‘ کے پاس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

یہ واقعہ پیر کی عل الصبح پیش آیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ شدید نوعیت تھا جس کے سبب متعدد مسافر فوری طور پر ہلاک ہو گئے جبکہ بہت سے دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

حکام اب بھی ہلاکتوں کی صحیح تعداد کی تصدیق کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرین کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

ہمیں اس بارے مزید کیا معلوم ہے؟

اطلاعات کے مطابق عمرہ زائرین کا یہ گروپ مکہ سے عمرے کے فرائض ادا کر کے واپس مدینہ لوٹ رہا تھا۔

گلف نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت بیشتر مسافر سو رہے تھے اور تصادم کے بعد بس میں آگ لگنے کی وجہ سے انہیں بچنے کا بہت کم موقع مل سکا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ متاثرین میں کم از کم 11 خواتین اور 10 بچے بھی شامل ہیں، حالانکہ حکام ابھی بھی متاثرین کی صحیح  تعداد کی تصدیق اور ان کی شناخت کرنے کی کوشش میں ہیں۔

امدادی ٹیموں کا کہنا تھا کہ ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد بس مکمل طور پر جل گئی، جس سے متاثرین کی شناخت کا عمل بھی انتہائی مشکل ہے۔ بھارتی میڈيا کی اطلاعات کے مطابق بس میں سوار محمد عبدالشعیب نامی ایک مسافر زندہ بچ گیا، جسے ہسپتال پہنچا دیا گیا ، تاہم اس کی صحیح حالت کا علم نہیں ہے۔

حکومت کا فوری رد عمل

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سوشل میڈيا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’مدینہ، سعودی عرب میں بھارتی شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر مجھے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ ریاض میں ہمارا سفارت خانہ اور جدہ میں قونصل خانہ اس حادثے نگ متاثرہ بھارتی شہریوں اور خاندانوں کی مکمل مدد کے لیے سر گرم ہیں۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔‘‘

اقلیتی اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ وہ مدینہ اور مکہ ہائی وے پر پیش آنے والے اس المناک بس حادثے سے ’’صدمے اور   شدید غمزد کا شکار ہوئے ہیں جس میں متعدد بھارتیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ہم اپنے سفارت خانے کے حکام سے رابطے میں ہیں جو مزید تفصیلات اکٹھا کر رہے ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔‘‘ وزیر نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

حکومت نے ہیلپ لائن جاری کر دی

ریاست تلنگانہ کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہے اور وزیر اعلی ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں حکام سے سفارت خانے کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرنے کو کہا ہے۔

حکومت نے متاثرین کے اہل خانہ کی مدد کے لیے کنٹرول روم نمبرز - +91 7997959754 اور 912919545 بھی جاری کیے ہیں۔

ادھر جدہ میں بھارتی سفارت خانے نے بھی مدد کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے اور مدد کے لیے ایک ٹول فری ہیلپ لائن نمبر (8002440003) جاری کیا ہے۔

حیدرآباد دکن سے ہر برس  ہزاروں عازمین عمرہ کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں اور کئی ٹریول ایجنسیاں سات دن کے سفر کے لیے 55,000 روپے فی کس سے شروع ہونے والے عمرہ پیکجز پیش کرتی ہیں، جس میں مکہ اور مدینہ کی زیارت کے علاوہ کچھ سیر و تفریح ​​بھی شامل ہوتی ہے۔

واقعے کی خبر سے صدمے میں مبتلا رشتہ دار پیر کی صبح اپنے پیاروں کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے ٹریول ایجنسیوں پر پہنچنا شروع ہوگئے۔

ادارت: کشور مصطفیٰ

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں