1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

26 اگست 2022

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کی معیشت اور برادر ملک کے عوام کی مدد کے لیے وہاں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم دیا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستانی معیشت کی مدد کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم دیا ہے
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستانی معیشت کی مدد کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم دیا ہےتصویر: UN Web TV/AP/picture alliance

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان السعود کے ساتھ فون پر بات چیت کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی۔

بلاول بھٹو نے ٹویٹ میں لکھا، "سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے بات ہوئی۔ برادرانہ تعلقات پر بات ہوئی۔ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا خیر مقدم کیا۔"

انہوں نے مزید لکھا،"میں نے اپنے ہم منصب کو پاکستان میں غیر معمولی سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یگانگت کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی جانب سے ہر ممکن مدد کی بات کہی۔"

دریں اثنا سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے بھی بتایا کہ"شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کی معیشت اور اس کے برادر عوام کی حمایت میں مملکت کے موقف کے عین مطابق ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم دیا ہے۔"

خبر میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے فون پر گفتگو کی اور انہیں اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

دونو ں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات اور ان میں بہتری لانے کے طریقوں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

قطر بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہاں

یہ اہم پیش رفت قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیے جانے کے ایک دن بعد ہوئی ہے۔

قطر میں انتظامی امور کے خود مختار ادارے امیری دیوان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ، "قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کمرشیل اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے۔"

یہ اعلان پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے دوحہ دورے کے دوران کیا گیا۔ انہوں نے منگل کے روز قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے ساتھ میٹنگ کے بعد بدھ کے روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی تھی۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کے قریبی ذرائع نے کہا تھا کہ وہ حکومتی ملکیت والے اداروں بشمول پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز اور نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل میں قطر کو شراکت داری کی پیش کش کرسکتے ہیں۔

پاکستانی معیشت مسائل سے دوچار

پاکستانی معیشت اس وقت بدترین مسائل سے دوچار ہے اور اسے ادائیگی کے توازن کے بحران کا سامنا ہے۔ اس کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر گر کر7.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جو ایک ماہ سے زیادہ درآمدات کے لیے بمشکل کافی ہیں۔

پاکستانی معیشت ’انتہائی نگہداشت‘ وارڈ میں

پاکستان کرنٹ اکاؤنٹ کے بڑھتے ہوئے خسارے، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرمیں کمی اور افراط زرکی بڑھتی ہوئی شرح سے بھی نبردآزما ہے۔ اگست میں افراط زرکی شرح 42 فی صد سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

ج ا/  ص ز (روئٹرز)

گرے لسٹ سے نکلنا معیشت کے لیے ضروری ہے، حنا ربانی کھر

03:17

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں