امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے دو روزہ دورے کے بعد آج بروز پیر روایتی حلیف ملک اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دوران ٹرمپ کی کوشش ہو گی کہ تعطل کے شکار مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کی بحالی ممکن بنائے جائے۔
اشتہار
خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج پیر کے دن سے اسرائیل کا دو روزہ دورہ شروع کر رہے ہیں۔ امریکی سفارتی ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران ٹرمپ یروشلم کے علاوہ ویسٹ بینک بھی جائیں گے۔ وہ کئی اہم مقدس مذہبی مقامات کا دورہ کرنے کے علاوہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے بھی ملیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران وہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے دو روزہ دورے کے بعد اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں ٹرمپ نے ریاض حکومت کے ساتھ نہ صرف کئی اہم دفاعی سمجھوتوں کو حتمی شکل دی بلکہ مسلم ممالک کے رہنماؤں سے ایک اہم خطاب بھی کیا۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلم ممالک کو زیادہ اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ٹرمپ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے اور اس تناظر میں ان کی طرف سے سعودی عرب کا انتخاب کرنا علامتی لحاظ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی سفارتی ذرائع کے مطابق ٹرمپ پیر کے دن یروشلم میں ’ویسٹرن وال‘ میں عبادت کے علاوہ ’چرچ آف دی ہولی سیپلکر‘ بھی جائیں گے۔ ٹرمپ اسرائیل میں بھی دو دن قیام کریں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ اسرائیل میں کچھ حلقوں نے امریکا اور سعودی عرب کے مابین اسلحے کے معاہدوں پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ واشنگٹن اور ریاض نے ایک سو دس بلین ڈالر مالیت کی دفاعی ڈٰیلز کو حتمی شکل دی ہے۔
امریکا میں کتنے مسلمان بستے ہیں؟
امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد سب سے زیادہ تشویش وہاں رہنے والے مسلمانوں میں پائی جاتی ہے۔ وہاں قائم کئی مساجد کو دھمکیاں ملنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ امریکا میں کتنے مسلمان رہتے ہیں؟
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Martin
مسلمان بڑی تعداد میں
پیو ریسرچ سینٹر کا اندازہ ہے کہ امریکا میں رہنے والے مسلمانوں کی تعداد 33 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکا کی 32.2 کروڑ کی آبادی میں مسلمانوں کی حصہ داری تقریبا ایک فیصد بنتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Martin
مسلم آبادی میں اضافہ
پیو ریسرچ سینٹر کا یہ اندازہ بھی ہے کہ سن 2050 تک امریکا میں رہنے والے مسلمانوں کی تعداد موجودہ سطح سے دوگنا ہو جائے گی۔
تصویر: picture-alliance/abaca
یہودیوں سے کم ہندوؤں سے زیادہ
ایک محتاط اندازے کے مطابق امریکا میں مقیم مسلمانوں کی تعداد وہاں رہنے والے یہودیوں سے کم ہے، جن کی تعداد میں 57 لاکھ کے قریب ہے۔ وہیں امریکا میں ہندوؤں کی تعداد 21 لاکھ کے لگ بھگ بنتی ہے۔ ان اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں مسلمانوں کی آبادی ہندوؤں سے زیادہ ہے۔
تصویر: Getty Images/W. McNamee
یہودی رہ جائیں گے پیچھے
پیو ریسرچ سینٹر نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ سن 2040 میں مسلمان امریکا میں مسیحیوں کے بعد دوسرا سب سے بڑا مذہبی گروپ ہوں گے۔ یعنی امریکا میں آباد مسلم کمیونٹی آبادی کے لحاظ سے 25 سال میں یہودیوں کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔
تصویر: dapd
نیو جرسی میں زیادہ مسلمان
امریکا میں مسلمانوں کی آبادی کچھ ریاستوں میں اوسط سے زیادہ ہے۔ مثال کے طور پر نیو جرسی کی طرح کچھ ریاستوں میں بسنے والے مسلمانوں کی تعداد دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. Fox
مسلمان پناہ گزینوں کی آمد
پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ امریکا میں سن 2007 کے بعد سے مسلمانوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اس کی ایک وجہ ملک میں آنے والے پناہ گزین بھی ہیں۔
تصویر: AP
کتنے مسلم پناہ گزین امریکا آئے
مالی سال 2016 میں امریکا میں داخل ہونے والے مسلمان پناہ گزینوں کی تعداد اڑتیس ہزار نو سو ایک رہی جبکہ مجموعی طور پر اس مدت میں امریکی حکومت نے پچاسی ہزار پناہ گزینوں کو قبول کیا۔
تصویر: picture alliance/Photoshot
تبدیلی مذہب
اس کے علاوہ امریکا میں بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں، جنہوں نے اسلام بطور مذہب قبول کیا ہے۔ پیو کے مطابق ہر پانچ بالغ امریکی مسلمانوں میں سے ایک ایسا ہے، جس کی پرورش کسی دوسرے مذہب میں ہوئی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/U. Deck
مسلمان ایک پڑھی لکھی کمیونٹی
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں مسلمان کمیونٹی ملک کا دوسرا سب سے زیادہ پڑھا لکھا مذہبی طبقہ ہے۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر یہودی آتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Martin
مسلمان مخالف جذبات
امریکا میں 11 ستمبر سن 2001 کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد وہاں مسلمان مخالف جذبات میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
تصویر: AP
ٹرمپ کے بیان
نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کئی بار مسلمان مخالف بیانات دیے۔ اسی مہم کے دوران ری پبلکن سیاستدان نے ایک مرتبہ یہ بھی کہا تھا کہ ’مسلمان امریکا سے نفرت کرتے ہیں‘۔ ٹرمپ نے یہ تجویز بھی کیا کہ مسلمانوں کی عارضی طور پر امریکا میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی جانا چاہیے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Locher
اسلام ایک بڑا مذہب
مختلف اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 1.6 ارب بنتی ہے، یعنی عالمی آبادی کا 23 فیصد حصہ مسلمانوں پر ہی مشتمل ہے۔ مسیحیت کے بعد اسلام دنیا کا دوسرا سب سے بڑا مذہب ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Stratenschulte
اسلام تیزی سے پھیلتا ہوا
پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ اسلام اس وقت دنیا کے دیگر مذاہب کے مقابلے میں دنیا کا سب سے تیزی سے فروغ پاتا مذہب ہے۔
تصویر: AP
13 تصاویر1 | 13
ٹرمپ کی کوشش ہو گی کہ وہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں اسرائیلی۔ فلسطینی تنازعے کے خاتمے کی خاطر مذاکرات کی بحالی ممکن بنا سکیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی بھی ڈیل علاقائی سلامتی اور تحفظ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو گی۔ تاہم وہ کہہ چکے ہیں کہ کسی سمجھوتے پر پہنچنے کی خاطر اسرائیلی اور فلسطین رہنماؤں کو براہ راست مذاکرات کرنا چاہییں۔
امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کے دو روزہ دورے کے بعد چوبیس مئی کو روم میں پوپ فرانس سے ملاقات کے بعد برسلز پہنچیں گے، جہاں وہ بیلجیم اور یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ پچیس مئی کو وہ نیٹو کی سمٹ میں شریک ہوں گے جبکہ ستائیس مئی کو وہ سسلی روانہ ہو جائیں گے، جہاں جی سیون کی سربراہی سمٹ میں شرکت کریں گے۔