1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی ولی عہد کی امریکی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات

8 مئی 2023

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اسٹریٹیجک امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ سلیوان نے بھارت اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی مشیروں کے ساتھ بھی مشرق وسطیٰ کے حالات پر بات چیت کی ہے۔

Bildkombo Nationaler Sicherheitsberater Jake Sullivan und Kronprinz Mohammed bin Salman
تصویر: Nathan Posner/AA/Leon Neal/AP/picture alliance

امریکہ اور سعودی عرب کے مابین جاری کشیدگی کے درمیان وائٹ ہاوس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے جدہ میں سعودی ولی عہد اور عملاً حکمراں محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ ملاقات اتوار کی رات کو ہوئی جس میں دونوں رہنماوں نے اسٹریٹیجک امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت کے دوران دیگر امریکی عہدیدار بھی موجود تھے۔

عرب حکمراں امریکی صدر کا فون کیوں نہیں اٹھا رہے ہیں؟

ایس پی اے کے مطابق جیک سلیوان کی بعد میں بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زائد آل نہیان کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

کیا باتیں ہوئیں؟

وائٹ ہاوس کی طرف سے جاری ایک بیان میں ان ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد " ایک زیادہ مستحکم اور محفوظ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے مشترکہ سوچ کے متعلق بھارت اور دنیا بھر سے اس کے تعلق پر بات چیت کرنا تھی۔" بیان میں اس کی مزید تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔

دوسری طرف سعودی عرب کی جانب سے ان ملاقاتوں کی کوئی ویڈیو یا تصویریں فوری طورپر جاری نہیں کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے کالم نویس جمال خاشقجی  کی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں سن 2018 میں قتل کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے انتخابی مہم کے دوران سعودی عرب کو 'اچھوت'بناکر رکھ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا خیال ہے کہ خاشقجی کا قتل سعودی ولی عہد کی ہدایت پر کیا گیا تھا تاہم ریاض اس الزام کی تردید کرتا ہے۔

چین کی ثالثی میں سعودی ایران معاہدہ امریکہ کے لیے امتحان

لیکن بائیڈن نے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد گزشتہ برس جولائی میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور روس یوکرین جنگ کی وجہ سے توانائی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ریاض سے تعاون کرنے کی اپیل کی تھی۔

بائیڈن نے محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات میں خاشقجی کے قتل پر تشویش کا اظہار کیا

 جیک سلیوان نے سوڈان سے امریکی شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بھارت امریکہ آئی سی ای ٹی ڈائیلاگ کا جنوری میں افتتاح کرنے کے بعد سے ڈوبھال اور سولیوان کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھیتصویر: UNI

بھارتی قومی سلامتی مشیر سے ملاقات

دونوں ملکوں کی جانب سے بھارت امریکہ آئی سی ای ٹی ڈائیلاگ کا جنوری میں افتتاح کرنے کے بعد سے ڈوبھال اور سولیوان کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔

وائٹ ہاوس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما اس ماہ آسٹریلیا میں کواڈ سربراہی کانفرنس کے دوران ایک بار پھر ملاقات کریں گے۔

دریں اثنا بھارتی میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق ڈوبھال اور جیک سلیوان کے درمیان مغربی ایشیائی ملکوں کو ریل کے ذریعہ اوراس خطے کو جنوبی ایشیا سے سمندری راستوں کے ذریعہ جوڑنے کی پرعزم تجویز پر بھی بات چیت ہوئی۔ امریکہ اس کام میں بھارتی مہارت کا استعمال کرنا چاہتا ہے وہ جنوبی ایشیا اور مشرقی ایشیا کو مشرق وسطیٰ کہتا ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق واشنگٹن مشرق وسطی میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرات کو روکنا چاہتا ہے۔ ادھر دہلی میں ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کو اس پروجیکٹ میں اس لیے دلچسپی ہے کیونکہ یہ اس کے کئی اسٹریٹیجک مقاصد پورے کرتا ہے۔

 ج ا / ص ز (اے پی، نیوز ایجنسیاں)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں