سلمان تاثیر کے لئے یادگاری ویب سائٹ
26 جنوری 2011سلمان تاثیر کو پاکستان کا سایئبر سیاست دان بھی کہا جاتا رہا ہے، وہ انٹرنیٹ کے استعمال کے بہت شوقین تھے، فیس بک، ٹویٹر، یو ٹیوب اور فلکر سمیت بہت سی ویب سائیٹس پر انھوں نے اپنے اکاونٹس بنا رکھے تھے اور وہ اپنے مداحوں سے بذریعہ انٹرنیٹ روز مخاطب ہو کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے تھے۔
سلمان تاثیر کے لئے ملٹی میڈیا کی خدمات سر انجام دینے والی میڈیا کنسلٹنٹ صوبیہ سلیم نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ سلمان تاثیر کی وفات کے بعد ان کی ویب سایئٹ پر آنے والی ٹریفک میں دس گنا اضافہ ہو گیا ہے، ان کے مطابق دنیا بھر سے ان کے مداحوں کی طرف سے ان کے لیئے بڑی تعداد میں پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
ان کے مطابق سلمان تاثیر کے لیئے دنیا بھر سے آنے والے انٹرنیٹ پیغامات کو دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ لوگوں کو اب یہ بات سمجھ آنے لگی ہے کہ سلمان تاثیر مذہب کے خلاف نہیں تھے وہ شان رسالت کے حوالے سے بھی نامناسب خیالات نہیں رکھتے تھے وہ صرف اقلیتوں کے حقوق کے حامی تھے اور قوانین کے غلط استعمال کے خلاف تھے۔
سلمان تاثیر کی بیٹی شہر بانو نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ سلمان تاثیر کے لئے یادگاری ویب سائیٹ جاری کرنے کا مقصد ان کے مشن اور پیغام کو زندہ رکھنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے سلمان تاثیر کے حامیوں کے ہمدردی کے پیغامات نے ان کے خاندان کو حوصلہ دیا ہے۔
شہر بانو نے کہا کہ سلمان تاثیر نے اپنے طور پر بہت سے خیراتی منصوبے شروع کر رکھے تھے وہ بہت سے طالب علموں کو تعلیمی وظائف دے رہے تھے، کئی اسکولوں کی مالی مدد کر رہے تھے، عام طور پر وہ ایسے کام منظر عام پر لانے سے گریز کرتے تھے، شہر بانو نے بتایا کہ سلمان تاثیر کی فیملی نے ان کے تمام خیراتی منصوبوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر بانو نے بتایا کہ ان کے بہت سے فلاحی کاموں کا ان کی فیملی کو بھی ان کی تعزیت کے لئے آنے والے پیغامات کے ذریعے پتہ چلا ہے۔
شہر بانو نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ ان کے والد کو غلط سمجھا گیا۔ ان کے مطابق یہ ویب سائیٹ ایسی غلط فہمیوں کو بھی دور کرے گی۔ اور دنیا جلد جان لے گی کہ ملک ایک سچے پاکستانی اور ایک انسان دوست شخص سے محروم ہو گیا ہے۔
رپورٹ:تنویر شہزاد،لاہور
ادارت: کشور مصطفیٰ