سمجھوتہ ایکسپریس کیس: بھارت چارج شیٹ کا تبادلہ کرے گا
21 جون 2011بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت نے سن دو ہزار سات کے سمجھوتہ ریل بم دھماکے کے ملزموں کی چارج شیٹ پاکستان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے جواب میں بھارت اسی ہفتے ہونے والی پاک بھارت خارجہ سیکریٹریوں کی ملاقات میں اپنے اس مطالبے کو دہرائے گا کہ اسلام آباد سن دو ہزار نو کے ممبئی حملوں کے ملزموں کے خلاف کارروائی کرے۔
خیال رہے کہ بھارت کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند سوامی آسی منند پر سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکے کا الزام ہے۔ اس دھماکے میں اڑسٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے زیادہ تر پاکستانی شہری تھے۔ اس سے قبل مارچ میں ہونے والے پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات میں بھارت نے پاکستان کے ساتھ سمجھوتہ ایکسپریس کیس کے حوالے سے کی جانے والی تفتیش کا تبادلہ کیا تھا۔
بھارتی ذرائع کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کر کے بھارت نے اپنی نیک نیتی ثابت کی ہے اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بھارت پاکستان پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ ممبئی حملوں کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے میں حجت سے کام کر رہا ہے۔ ممبئی حملوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت اور بہت سے بین الاقوامی مبصرین ان حملوں کی ذمہ داری پاکستان کی کالعدم تنظیم لشکر طیبہ پر عائد کرتے ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: ندیم گِل