سمندروں کا تحفظ: جرمنی عالمی معاہدے پر دستخطوں کے لیے تیار
17 ستمبر 2023وفاقی جرمن حکومت نے عالمی سمندروں کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی سیز ٹریٹی پر دستخط کر دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ وزیر ماحولیات اشٹیفی لَیمکے نے برلن میں اسی ہفتے جرمن کابینہ کے ایک اجلاس کے بعد کہا، ''اب ہمارے پاس سمندروں کی بہتر حفاظت کا موقع ہو گا، جو بہت اہم ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''اب ایسے علاقے ہوں گے، جہاں ماہی گیری کی بلا امتیاز اجازت نہیں ہو گی۔ ایسے گہرے سمندری علاقے بھی ہوں گے، جہاں بحری کان کنی نہیں کی جا سکے گی، جہاں اب محفوظ سمندری ماحولیاتی علاقے قائم کیے جا سکتے ہیں۔‘‘
جرمن وزیر لَیمکے کا کہنا تھا کہ اب تک سمندروں میں قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے قوانین کا فقدان تھا لیکن اب اس خلا کو پر کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہہائی سیز ٹریٹی کے ساتھ دنیا بھر کی ریاستیں سمندری ماحولیاتی نظاموں کے تحفظ کو قدم بہ قدم مزید ٹھوس بنا سکیں گی۔
اشٹیفی لَیمکے آئندہ ہفتے نیو یارک میں جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کے ساتھ مل کر اس عالمی معاہدے پر دستخط کر دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ برسوں کی بات چیت کے بعد اقوام متحدہ نے اس سال جون میں اس معاہدے کو اپنایا تھا۔ یہ عالمی معاہدہ سمندروں پر بڑے پیمانے پر محفوظ علاقوں کے قیام کی بنیاد مہیا کرتا ہے۔
اس معاہدے میں سمندروں میں شروع کیے گئے اقتصادی منصوبوں، مہمات اور دیگر سرگرمیوں کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے طریقہ کار بھی وضع کر دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق اس معاہدے کا اطلاق علاقائی سمندر میں یا کسی ریاست کے اندرونی پانیوں میں یا کسی جزیرہ نما ریاست کے جزیرہ نما پانیوں میں ان تمام حصوں پر ہوتا ہے، جو کسی خصوصی اقتصادی زون میں شامل نہیں ہیں۔
کرہ ارض پر مختلف سمندروں کا دو تہائی حصہ بہت گہرے لیکن ایسے انتہائی اہم آبی علاقوں پر مشتمل ہے، جو ہائی سیز کہلاتے ہیں اور جہاں اب تک کسی عالمی معاہدے کی عدم موجودگی میں کسی قانون کا اطلاق نہیں ہوتا تھا۔
ش ر ⁄ م م (ڈی پی اے)