1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنوڈن ماسکو کے ہوائی اڈے سے باہر

کشور مصطفیٰ1 اگست 2013

امریکا کو مطلوب سابق انٹیلیجنس ایجنٹ ایڈورڈ سنوڈن ایک ماہ سے ماسکو کے ہوائی اڈے پر قیام کے بعد آج جمعرات کو وہاں سے نکل گئے۔

Edward Snowden verlässt Flughafen Moskau
تصویر: picture-alliance/dpa

سنوڈن کی طرف سے روس میں سیاسی پناہ کی درخواست دیے جانے کے دو ہفتوں کے اندر اندر ماسکو حکام نے انہیں ایک سال کے لیے سیاسی پناہ کی اجازت دے دی تھی۔ سنوڈن کے وکیل اناطولی کوچیرینا نے آج خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں محض ایک سرٹیفیکیٹ دیا گیا ہے جس کے مطابق وہ روس میں ایک سال کے لیے عارضی طور پر بطور سیاسی پناہ کے متلاشی قیام کر سکتے ہیں۔ ان کے وکیل ہی نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ سنوڈن آج ماسکو کے ہوائی اڈے سے نکل گئے ہیں۔ اُدھر ہوائی اڈے کی انتظامیہ کی ایک خاتون ترجمان نے روسی خبر رساں ایجنسی انٹر فیکس کو بتایا ہے کہ وہ کچھ گھنٹے قبل ائر پورٹ کی حدود سے باہر نکل گئے ہیں۔ وکیل اناطولی کوچیرینا کے بقول سنوڈن خود ایک نارمل ٹیکسی میں اس طرح روانہ ہوئے کہ میڈیا کو کوئی بھنک نہیں مل سکی، جبکہ میڈیا اُن کے اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد سے اُن کی ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

روس میں قیام کے لیے سنوڈن کا ویزہتصویر: picture-alliance/dpa

دریں اثناء سنوڈن کے وکیل اناطولی کوچیرینا، جن کی مدد سے سنوڈن نے 16 جولائی کو سیاسی پناہ کی درخواست جمع کروائی تھی، نے کہا ہے کہ سنوڈن کے قیام کی جگہ کو سکیورٹی وجوہات کے سبب مخفی رکھا جائے گا اور اسے عام نہیں کیا جا سکتا۔ کوچیرینا کا کہنا تھا،’ سنوڈن اس وقت اس سیارے پر سب سے زیادہ تعاقب کا شکار شخص ہے، اس لیے اُس کی سکیورٹی کی وجہ سے یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ وہ کہاں جا رہے ہیں۔ ان کا جہاں جی چاہے گا وہ وہاں جائیں گے‘۔

24 گھنٹوں کی نشریات والے ٹیلی وژن چینل ’روسیا‘ پر انٹرویو کے دوران سنوڈن کے وکیل اُس سرٹیفیکیٹ کی کاپی منظر عام پر لائے جو روسی حکام نے سنوڈن کو سیاسی پناہ کی اجازت کے طور پر دیا ہے۔

سنوڈن کے وکیلتصویر: Reuters

سنوڈن کی طرف سے امریکی خفیہ ایجنسی NSA کے وسیع خفیہ نگرانی کے پروگرام کا راز فاش کیے جانے کے بعد امریکا اور مغربی ممالک کے مابین تعلقات میں کشیدگی آئی ہے۔ روس کی طرف سے سنوڈن کو سیاسی پناہ کی اجازت دیے جانے کے بعد سے امریکا اور روس کے سفارتی تعلقات بھی کھچاؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔

امریکا نے روس کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اگر سنوڈن کو امریکا کے حوالے کیا جاتا ہے تو نہ اس پر تشدد کیا جائے گا اور نہ ہی اسے سزائے موت دی جائے گی۔

30 سالہ سابق امریکی انٹیلیجنس کنٹریکٹر ایڈورڈ سنوڈن گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے ماسکو ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ ایریا میں مقیم تھا۔ واشنگٹن حکومت تب سے اس کی حوالگی کا مطالبہ کر رہی ہے تاہم روس نے اب تک ایسا کرنے سے انکار کر رکھا ہے۔

کشور مصطفیٰ

عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں