سنوڈن نے ایکواڈور سے سیاسی پناہ مانگ لی
24 جون 2013
امریکا کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے سابق ملازم ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے ایکواڈور سے سیاسی پناہ کی درخواست کی اطلاعات اس کے ہانگ سے ماسکو پہچنے کے بعد سامنے آئی ہیں۔ تاہم اسے ماسکو کے ہوائی اڈے پر دیکھا نہیں گیا۔
ایکواڈور کے وزیر خارجہ ریکارڈو پنٹو کے مطابق انہیں بتایا گیا ہے کہ این ایس اے کے سابق کانٹریکٹر نے ان کے ملک سے سیاسی پناہ کی درخواست کی ہے۔ پنٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا: ’’حکومتِ ایکواڈور کو ایڈورڈ جے سنوڈن کی جانب سے سیاسی پناہ کی درخواست موصول ہوئی ہے۔‘‘
انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ امریکا کی ہزاروں خفیہ سفارتی دستاویزات عام کرنے والی ویب سائٹ وکی لیکس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ سنوڈن نے پناہ کے لیے ایکواڈور کے سفر کا منصوبہ بنایا ہے۔ وکی لیکس نے قبل ازیں کہا تھا کہ سنوڈن کو امریکی تحویل میں جانے سے بچانے کے لیے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایکواڈور پہلے ہی وکی لیکس کے بانی جولیان آسانج کو سیاسی پناہ دے چکا ہے۔ تاہم وہ گزشتہ کئی ماہ سے لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں مقیم ہیں۔ وہ جنسی زیادتی کے الزام پر سویڈن کو مطلب ہیں۔
قبل ازیں روس کے ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ اتوار کو سنوڈن ہانگ کانگ سے ماسکو پہنچ گئے۔ اس سے پہلے ہانگ کانگ کی حکومت نے بھی تصدیق کی تھی کہ سابق امریکی کانٹریکٹر وہاں سے نکل گیا ہے۔
امریکا نے ہفتے کو ہانگ کانگ سے رابطہ کیا تھا اور سنوڈن کی تحویل کی درخواست کی تھی۔ تاہم اس کے باوجود اسے روس کے سفر سے روکا نہیں گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ سنوڈن کو تحویل میں لینے کے لیے امریکا ہانگ کانگ کے قانون کے تحت قانونی شرائط پوری کرنے میں ناکام رہا۔ امریکی وزارت انصاف نے ہانگ کانگ حکام کی شرائط پوری نہ کرنے کی تردید کی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ سنوڈن کی گرفتاری اور اسے امریکا واپس لانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ امریکی وزارت انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہانگ کانگ میں سنوڈن کو تحویل میں لیے نہ جانے پر مایوسی ہوئی ہے۔ اس دوران امریکا نے سنوڈن کے پاسپورٹ کو منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
انتیس سالہ سنون نے قبل ازیں رواں ماہ تسلیم کیا تھا کہ نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے فون اور انٹرنیٹ ریکارڈ کی نگرانی سے متعلق معلومات برطانوی اخبار گارڈین کو اس نے دی تھیں۔
اس نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی شناخت ظاہر کی تھی جو گارڈین کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔ اس اخبار کا کہنا تھا کہ ویڈیو سنوڈن کی درخواست پر جاری کی گئی تھی۔
ng/ah(Reuters, AFPm, AP)