سنوڈن کو سیاسی پناہ دینے پر امریکا برہم
2 اگست 2013
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنے نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا: ’’ہمیں اس بات پر بہت مایوسی ہوئی ہے کہ روسی حکومت نے سنوڈن کو بے دخل کرنے کے لیے کھلے عام اور پرائیویٹ سطح پر کی گئی ہماری واضح اور قانونی درخواستوں کے باوجود یہ قدم اٹھایا۔‘‘
ری پبلکن سینیٹروں جان مکین اور لنڈسے گراہم نے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے: ’’روس نے آج جو قدم اٹھایا ہے وہ شرمناک ہے اور یہ امریکا کو شرمسار کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ یہ تمام امریکیوں کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا ’پوٹن کے روس‘ کے ساتھ تعلقات پر از سر نو غور کرے۔‘‘
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق وائٹ ہاؤس نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ اس صورتِ حال کے تناظر میں صدر باراک اوباما اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی اہم ملاقات خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
ستمبر میں باراک اوباما کا دورہ روس طے ہے جہاں وہ سینٹ پیٹرز برگ میں جی ٹوئنٹی گروپ کے اقتصادی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس دوران ماسکو میں روسی صدر کے ساتھ ان کی ملاقات بھی طے ہے۔
جب جے کارنے سے پوچھا گیا کہ کیا صدر اوباما اس صورت حال کے بعد بھی روس کا دورہ کریں گے تو انہوں نے جواب دیا: ’’ہم اس اجلاس کی افادیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘‘
کارنے کا کہنا تھا کہ روس نے سنوڈن کو عارضی طور پر سیاسی پناہ دینے کے فیصلے سے قبل از وقت مطلع نہیں کیا۔ اے پی کے مطابق کارنے نے یہ نہیں بتایا کہ آیا روس کے اس فیصلے کے ردِ عمل میں واشنگٹن انتظامیہ کوئی اقدامات کرے گی اور اگر ہاں تو کیا۔
ایڈورڈ سنوڈن جاسوسی کے پروگرام پرزم کا انکشاف کرنے پر امریکا کو مطلوب ہیں۔ اس پروگرام کے بارے میں معلومات ذرائع ابلاغ کو دینے کے بعد وہ ہانگ کانگ فرار ہو گئے تھے۔ وہاں سے وہ 23 جون کو ماسکو پہنچے تاہم امریکا کی جانب سے شہریت کی منسوخی کی وجہ سے مزید سفر نہ کر سکے اور ماسکو ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ زون میں ہی ٹھہرے ہوئے تھے۔
جمعرات کو روس نے انہیں ایک سال کے لیے سیاسی پناہ دے دی ہے جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے نکل کر روس میں داخل ہو گئے۔
امریکا نے روس سے سنوڈن کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم دونوں ملکوں کے درمیان ملزمان کی تحویل کا کوئی معاہدہ نہیں ہے اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے واشنگٹن انتظامیہ کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سنوڈن کے معاملے پر امریکا کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے۔