سنکیانگ کے انتہا پسندوں کی تربیت: چین کا شامی حکومت اور اپوزیشن پر الزام
1 جولائی 2013چین روایتی طور پر سنکیانگ میں پرتشدد کارروائیوں کا ذمہ دار ترک زبان بولنے والے ایغور مسلمانوں پر رکھتا چلا آ رہا ہے۔ چینی حکام کا خیال ہے کہ اس علاقے میں ایغور مسلمان علیحدگی پسند سرگرم ہیں، جو ایک آزاد ریاست کی تشکیل چاہتے ہیں۔ سنکیانگ کے علیحدگی پسند اس ریاست کو مشرقی ترکستان کا نام دیتے ہیں۔ سنکیانگ میں ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ سرگرم عمل ہے۔
نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایسا پہلی بار دیکھا گیا ہے کہ چین نے سنکیانگ میں حالیہ تشدد کی لہر کے بعد اس میں شام کی حکومت اور اپوزیشن باغیوں کے ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔ اس سے قبل چینی حکام سنکیانگ میں مسلمان انتہا پسندوں کی تحریک کے رابطے پاکستان سمیت کچھ اور ممالک سے جوڑتے رہے ہیں۔ چینی سکیورٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سنکیانگ میں جاری تحریک کا مقامی آبادی کے غم و غصے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
دوسری جانب سنکیانگ کے ایغور مسلمان اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کو مسلسل کئی اقسام کی پابندیوں کا سامنا ہے۔ ایغور آبادی کے مطابق یہ پابندیاں ان کی ثقافت، زبان اور مذہب کو محدود کرنے کے لیے عائد کی گئی ہیں۔ ایغور کے اس مؤقف کے جواب میں بیجنگ کا اصرار ہے کہ سنکیانگ میں انتہاپسندی کا فروغ علیحدگی پسندوں کی سرگرمیوں کی وجہ سے ہے۔
دو روز قبل چین کے صدر شی جِن پِنگ نے ایک اعلیٰ سطحی فورم کی صدارت کرتے ہوئے سنکیانگ میں امن و سلامتی بحال رکھنے کو اہم قرار دیا۔ صدر کے اس بیان کے بعد پیرا ملٹری دستوں کی ایک بڑی تعداد کو شورش زدہ علاقے سنکیانگ کے مرکزی شہر اُرمچی میں بھیج دیا گیا ہے۔ ارمچی کی تقریباً تمام گلیوں اور سڑکوں پر اب چین کے یہی نیم فوجی دستے گشت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے دوران اُرمچی میں دو دہشت گردانہ حملوں میں کم از کم پینتیس افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ چینی حکومت نے اس کی ذمہ داری مذہبی انتہا پسند حلقوں پر عائد کی ہے۔
چینی حکومت کی جانب سے بظاہر حملہ آوروں کی نسلی شناخت نہیں بتائی گئی لیکن ایک ایغور مسلمان احمد نیاز صدیق پر انگلی اٹھائی گئی ہے کہ وہ اور اس کے ساتھی گزشتہ ہفتے کے دوران رونما ہونے والے حملوں میں ملوث ہیں۔ احمد نیاز صدیق کے بارے میں تفصیلی معلومات دستیاب نہیں ہو سکی ہیں۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کے ترجمان پیپلز ڈیلی کے زیر انتظام چٹ پٹی خبروں والے اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق ایسٹ ترکستان موومنٹ کے بعض اراکین ترکی سے ہوتے ہوئے شام پہنچ چکے ہیں اور وہیں پر ان کو تربیت دی گئی ہے۔ گلوبل ٹائمز کے رپورٹر کے مطابق چین کے انسداد دہشت گردی کے ادارے کے پاس ایسی رپورٹیں ہیں کہ ایسٹ ترکستان تحریک کے اراکین سن 2012 میں شام پہنچے اور انتہا پسندوں کے ہمراہ حکومتی فوج کے خلاف جھڑپوں میں بھی حصہ لیا۔ چینی کمیونسٹ پارٹی نے سنکیانگ میں عدم استحکام کی وجہ تین برائیوں کو قرار دیا ہے اور وہ ہیں دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی۔