1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنگا پور میں براڈکاسٹ ایشیا نمائش جاری

18 جون 2009

سنگاپور میں ’’براڈ کاسٹ ایشیا‘‘ تجارتی نمائش جاری ہے۔ اس نمائش کی بنیاد 1996ء میں ڈالی گئی۔ اس نمائش میں خطے کے ملٹی میڈیا کو اور تفریحی صنعت سے متعلق جدید ترین ٹیکنالوجی کو پیش کیا جاتا ہے۔

براڈکاسٹ ایشیا نمائش سنگاپور میں ہورہی ہےتصویر: DW

’’براڈکاسٹ ایشیا‘‘ میں بڑی کمپنیوں کے لئے دلچسپی کا بے شمار سامان ہوتا ہےتاہم عالمی اقتصادی بحران کی چھاپ اس تین روزہ تجاری نمائش پرواضح طور پر دکھائی دی۔

یہ نمائش ایک ایسی عمارت میں منعقد ہوئی، جو سنگاپور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے واضح دکھائی دیتی ہے۔ عمارت کی زیبائش سے ہی اس نمائش کی چکا چوند کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ نمائش سے قبل بھرپور انداز سے چلائی جانے والی اشتیہاری مہم بھی اس نمائش کو چار چاند لگا دیتی ہے۔ نمائش میں بانٹے جانے والے پرچے بھی عالمی اقتصادیات میں ملٹی میڈیا صنعت اور ذرائع ابلاغ کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔

سنگاپور میں جاری اس عالمی نمائش میں 647 کمپنیاں شریک ہیں، جن میں سے 85 فیصد غیر ملکی ہیں۔ ان نمائش کنندگان میں جرمن کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ تاہم امسال نمائش کنندگان کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں سولہ فیصد کم دیکھی گئی۔


اس نمائش پر عالمی اقتصادی بحران کے اثرات کے باوجود دنیا بھر سے ملٹی میڈیا صنعت سے وابستہ تقریباً دس ہزار افراد شریک ہیں تاہم یہ تعداد بھی پچھلے برس کے مقابلے میں کافی کم ہے۔ نمائش کنندگان میں شامل جرمن کمپنی S4M ٹی وی اسٹیشنوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرتی ہے۔کمپنی اسٹال پر موجود Michael Henkel کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی بحران نے اس صنعت کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے تاہم ان کی اس نمائش میں شمولیت کا مقصد کمپنی کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ دلچسپی رکھنے والے خریداروں کی تلاش بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرکمپنی ایشیائی مارکیٹ سے الگ رہنے کی کوشش کرے گی تو ایشیائی صارفین کمپنی کی مصنوعات میں دلچسپی لینا چھوڑ دیں گے۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلا برس کمپنی کے لئے بہتری کا سامان لئے ہوئے ہو گا۔

دنیا بھر میں MP3 ٹیکنالوجی متعارف کرنے والا جرمن ادارہ فراؤن ہوفر انسٹیٹیوٹ بھی اس نمائش میں موجود ہے۔ نمائش میں سبھی کمپنیوں کو عالمی مالیاتی و اقتصادی بحران کی شدت کے صنعت پر پڑنے والے اثرات کا سامنا ہے تاہم فروخت میں کمی کے باوجود کمپنیاں پوری طرح سے پرعزم دکھائی دیتی ہیں۔ نمائش میں سونی کارپوریشن سمیت تمام اہم اور بڑی کمپنیوں کے اسٹال موجود ہیں، جو جدید ترین ٹیکنالوجی سے خریداروں کی توجہ اپنی پروڈکٹس کی جانب مبذول کرانے کی کوششوں میں مصروف دکھائی دے رہی ہیں۔ ان میں جدید ترین کیمرے اور ڈیجیٹل ریڈیو ٹیکنالوجی سمیت تفریحی اور ملٹی میڈیا صنعت کی نت نئی ایجادات موجود ہیں۔

تحریر : گراہم لوکاس( سنگاپور)، عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں