1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سن 2020 کے بعد شنگھائی کو انتہائی بڑے کووڈ لاک ڈاؤن کا سامنا

28 مارچ 2022

چین نے اپنے سب سے بڑے شہر شنگھائی میں کووڈ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا ہے۔ یہ سن 2020 کے بعد سب سے بڑا لاک ڈاؤن قرار دیا گیا ہے۔ اُدہر اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

China | Coronavirus Lockdown in Shanghai
تصویر: Andy Wong/AP Photo/picture alliance

چینی حکومت نے ملک کے مالیاتی مرکز سمجھے جانے والے چھبیس ملین کی آبادی والے شہر شنگھائی میں وبائی مرض کووڈ انیس کے پھیلاؤ کے بعد لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا ہے۔ شہر کے لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا گیا ہے تا کہ مختلف علاقوں میں وبا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جا سکے۔

وسطی چینی شہر ووہان میں نومبر سن 2019 میں کورونا وائرس نے افزائش پائی تھی اور پھر اوائل سن 2020 میں کووڈ انیس نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ گیارہ ملین آبادی کے اِس شہر کو انتہائی سخت لاک ڈاؤن کا سامنا رہا تھا۔ ووہان کو حکام نے چھہتر ایام تک مکمل طور پر بقیہ ملک سے کاٹ کر رکھ دیا تھا۔ اس کے بعد اب شنگھائی میں قریب قریب ویسے ہی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

کورونا سے انکاری، مظاہروں کے پیچھے کون ہے؟

حکام کا کہنا ہے کہ شنگھائی کو دو مرحلوں میں لاک ڈاؤن میں رکھا جائے گا۔ اس دوران وسیع پیمانے پر لوگوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں شنگھائی کے مشرقی علاقے پوڈونگ کو بقیہ شہر سے پوری طرح کاٹ دیا جائے گا۔ پوڈونگ میں لاک ڈاؤن جمعے تک رہے گا۔ اس کے بعد زیادہ گنجان آباد علاقے پوکسی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ  کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہےتصویر: ABIR SULTAN/UPI/IMAGO

یورپی ملک جرمنی

جرمنی میں سیاسی محرکات کے پس منظر میں جرائم کا ارتکاب کرنے والے نو ہزار سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جرائم کے وفاقی ادارے کے مطابق اس میں زیادہ تر وہ افراد ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کی پابندیوں  کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی تھی۔ اس معاملے میں اب اس پہلو پر غور کیا جا رہا ہے کہ آیا ان افراد نے دستوری جمہوریت میں احتجاجی ریلیوں میں شریک ہو کر اپنے حق کو استعمال کیا ہے؟

مشرقِ وسطیٰ

اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ  کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کا اعلان ان کے دفتر نے کیا ہے۔ ان کے ٹیسٹ کے پازیٹو ہونے کا اعلان امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے اتوار ستائیس مارچ کو ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم بہتر ہیں اور اپنے گھر سے معمول کے کام انجام دے رہے ہیں۔

’مجھے میری زندگی لوٹا دو‘: جرمنی میں لاک ڈاؤن مخالف مظاہرے

اسرائیل میں سینیئر شہریوں کو دوسرے بوسٹر کے لگانے کے بعد ان میں شرحِ اموات میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ یہ بات ایک ہیلتھ کیئر سروس نے اپنی سروے رپورٹ میں بتائی ہے۔

میانمار میں حکام نے ملک کی نوبل انعام یافتہ سیاستدان آنگ سان سوچی کو قرنطینہ کر دیا ہےتصویر: Aung Shine Oo/AP Photo/picture alliance

ایشیا

میانمار میں حکام نے ملک کی نوبل انعام یافتہ سیاستدان آنگ سان سوچی کو قرنطینہ کر دیا ہے کیونکہ ان کے اسٹاف کا ایک رکن کووڈ وبا میں مبتلا پایا گیا ہے۔ سوچی کو قرنطینہ کیے جانے کے بعد وہ ایک مقدمے کی تین روزہ کارروائی میں شامل نہیں ہو سکیں گی۔

نئی تحقیق: کئی سائنسدان کورونا ویکسین بوسٹرز لگانے کے خلاف

دوسری جانب جنوبی کوریا میں ایک اخباری رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے میں کووڈ انفیکشن کی شرح میں کمی رونما ہوئی ہے۔ اس دوران کورونا وائرس میں مبتلا شدید علیل افراد کی اموات میں تسلسل نوٹ کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کا امیکرون ویریئنٹ پھیلا ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے جنوبی کوریا میں ساڑھے تین لاکھ افراد اس نئے انفیکشن میں مبتلا ہوئے تھے۔

ع ح/ ک م (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں