1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوئٹزرلینڈ: ’اوور اسپیڈنگ‘ کرتی بطخ کیمرے نے پکڑ لی

22 اپریل 2018

سوئٹزرلینڈ کے ایک رہائشی علاقے میں حد رفتار تیس کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے لیکن وہاں نصب کیمروں نے دو مرتبہ بطخوں کو حد رفتار تجاوز کرتے ہوئے پکڑا۔ تاہم ابھی تک اس ’جرم کا ارتکاب‘ کرنے والی بطخیں پکڑی نہیں گئیں۔

Tierische Temposünder
تصویر: picture-alliance/dpa/Polizei Köniz

سوئس پولیس کے مطابق ملک کے مغربی حصے میں واقع شہر برن کے ایک رہائشی علاقے ٹریفک کے لیے حد رفتار تیس کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر ہے اور اس حد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے یہاں ’اسپیڈ کیمرے‘ بھی نصب ہیں۔

پرندوں کی ایک قسم سونگھنے کی حس سے سمت کا تعین کرنے پر قادر

ایسے ہی ایک کیمرے نے ’اوور اسپیڈنگ‘ کی مرتکب بطخ کی تصویریں کھینچ لیں۔ بطخ مقررہ حد سے بیس کلو میٹر تیز پرواز کر رہی تھی، یعنی تیس کی بجائے باون کلو میٹر فی گھنٹہ اور وہ بھی ایک مرتبہ نہیں، بلکہ تین روز کے اندر دو مرتبہ کیمرے نے اوور اسپیڈنگ کرنے والی بطخ کی تصویر کھینچی۔

تین روز میں دو مرتبہ حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے والی ایک ہی بطخ تھی یا دونوں مرتبہ ’مجرم‘ مختلف تھا؟ یہ واضح نہیں ہو سکا۔ سوئس پولیس نے مقررہ حد سے کہیں تیز پرواز کرنے والی بطخوں کی دونوں تصویریں جاری کرتے ہوئے بتایا، ’’بطخ کم بلندی پر باون کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر رہی تھی جب کہ اس علاقے میں حد رفتار تیس کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر ہے۔‘‘

تاہم ابھی تک پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ دونوں واقعات میں ایک ہی بطخ ملوث تھی یا انہیں بطخوں کے گروہ کا سامنا ہے۔ بہرحال بطخ کی خوش قسمتی ہے کہ اسے کیمرے کی آنکھ نے تو پکڑ لیا لیکن وہ ابھی تک پولیس کے قابو میں نہیں آئی۔

سوئٹزر لینڈ میں مقرر کردہ حد رفتار کی خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ کم از کم ایک ماہ کے لیے ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل ہو سکتا ہے۔ اس ملک میں جرمانہ آمدن کو پیش نظر رکھ کر عائد کیا جاتا ہے۔

سن 2010 میں ایک سوئس ڈرائیور کو حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے پر دو لاکھ نوے ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ملی تھی۔

ایٹمی حادثات سے کیڑوں اور پرندوں میں جینیاتی تبدیلیاں

ش ح / ع ب (Alexander Pearson)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں