سوئٹزرلینڈ کے ایک ریزورٹ میں دھماکے سے متعدد افراد ہلاک
1 جنوری 2026
جمعرات کے روز جنوبی سوئٹزرلینڈ میں حکام نے اس بات کی تصدیق کی نئے سال کی تقریبات کے دوران ایک بار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں متعدد لوگ ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کرانز-مونٹانا کے سکی ریزورٹ قصبے کے ایک بار میں رات کے تقریباً 1:30 بجے دھماکہ ہوا، جس میں زخمی ہونے والے کئی افراد کی موت ہو گئی۔
جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے والس کینٹن میں پولیس کے ترجمان گیٹن لاتھیون نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، "اس سکی ریزورٹ میں ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں کئی زخمی ہیں اور کئی ہلاک ہو گئے ہیں۔"
سوئس شہری کی ایران کی جیل میں مبینہ خود کشی
ہمیں اس بارے میں مزید کیا معلوم ہے؟
پولیس کے ترجمان گیٹن لاتھیون نے بتایا کہ لی کانسٹیلیشن نامی بار میں آگ لگ گئی۔ اس وقت "ایک سو سے زیادہ لوگ عمارت میں موجود تھے، اور ہمیں لگتا ہے کہ اس میں بہت سے لوگ زخمی اور ہلاک ہوئے ہیں۔"
لاتھیون نے کہا، "ہم نے ابھی اپنی تحقیقات کی ابتدا کی ہے، لیکن یہ حادثہ ایک بین الاقوامی سطح پر مشہور سکی ریزورٹ میں ہوا ہے، جہاں بہت سارے سیاح آتے ہیں۔"
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بارے میں مزید تفصیلات کے لیے جلد ہی ایک اور بریفنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت بار میں 100 سے زائد افراد موجود تھے۔ تاہم تاحال دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس، فائر فائٹرز اور کئی ہیلی کاپٹرز جائے وقوعہ پر موجود دیکھے گئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تصویر میں بار کے باہر والی سڑک پر ایمبولینس کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر تصدیق شدہ فوٹیج میں اس بار میں آگ جلتی دکھائی دے رہی ہے، جہاں نئے سال کی آمد سے متعلق تقریبات ہو رہی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔
کرانز-مونٹانا ایک لگژری ریزورٹ ہے، جو سوئس دارالحکومت برن سے تقریباً دو گھنٹے کی دوری پر سوئس الپس کے مرکز میں واقع ہے۔
سوئس ریزورٹ ہی اسی ماہ جنوری میں اسپیڈ اسکیئنگ ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کرنے والا ہے۔
ادارت: رابعہ بگٹی