1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سولرامپلس‘ کی کامیاب تجرباتی پرواز

8 جولائی 2010

سوئٹزرلینڈ میں شمسی توانائی سے اڑنے والے ہوائی جہاز ’سولر امپلس‘ کی کامیاب ٹیسٹ پرواز پر اس منصوبے کے خالق بیرتراں پیکارد کو داد وتحسین سے نوازا جا رہا ہے۔

سولر امپلس کی تاریخی پروازتصویر: AP

جمعرات کو مکمل ہونے والی اس تاریخی آزمائشی پرواز سے اب بہت سی امیدیں وابسبتی کی جانے لگی ہیں۔

'سولر امپلس‘ نامی اس ہوائی جہاز کی آزمائشی پرواز کوئی 26 گھنٹوں پر محیط تھی اور پہلی مرتبہ اس ہوائی جہاز کو ایک پائلٹ کی مدد سے اڑایا گیا۔ پائلٹ آندرے بورش بیرگ نے کامیاب ٹیسٹ پرواز کے بعد شمسی توانائی سے چلنے والے اس ہوائی جہاز کو جمعرات کو عالمی وقت کےمطابق صبح سات بج کر ایک منٹ پر مغربی سوئٹزرلینڈ میں Payerne ائیر بیس پر اتارا۔

اس کامیاب پرواز کے بعد اس منصوبے کے روح رواں بیرتراں پیکارد نے کہا: ’’یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سورج کی روشنی سے اڑنے والا کوئی ہوائی جہاز تمام رات اڑایا گیا ہو۔‘‘ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا منصوبہ کامیاب ہو گیا ہے۔

سولر امپلس کے پروں کا پھیلاؤ 61 میٹر ہے۔تصویر: AP

’سولر امپلس‘ کے ستاون سالہ پائلٹ آندرے بورش بیرگ نے خبررساں ادارے AFP کو بتایا: ’’دوران پرواز مجھے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جیسے میں تیر رہا ہوں۔ مجھے اس وقت بھی ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے میں ہوا میں ہوں۔‘‘ انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کامیابی نے ان کے لئے مزید راستے کھول دئے ہیں اور اب وہ اسی سوچ کے تحت دیگر منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں گے۔

صرف ایک سیٹ والے ’سولر امپلس‘ نامی ہوائی جہاز کو بدھ کی صبح عالمی وقت کے مطابق چار بج کر اکاون منٹ پر اڑایا گیا تھا۔ سورج کی روشنی سے حاصل کردہ توانائی کی مدد سے پرواز کرنے والے اس جہاز میں اتنی مضبوط بیٹریاں نصب کی گئی تھیں، جو رات کی تاریکی میں بھی اس جہاز کو ایندھن فراہم کرتی رہیں۔

سولر امپلس کے روح رواں آندرے پورش بیرگ اور بیرتراں پیکاردتصویر: picture alliance / abaca

اس پرواز سے قبل اس بات کا خدشہ تھا کہ کہیں رات کےاندھیرے میں ایندھن کا ذخیرہ کم ہو جانے یا مکمل طور پر استعمال ہو جانے کے نتیجے میں یہ ہوائی جہاز کریش نہ ہو جائے۔ تاہم اس منصوبے کی کامیابی پر ’سولرامپلس‘ کی ٹیم نے اب یہ ارادہ ظاہر کیا ہے کہ وہ آئندہ چند سالوں کے دوران اسی ہوائی جہاز کے ذریعے دنیا کا چکر لگانے کی کوشش بھی کرے گی۔

اس منصوبے کے مطابق ’سولر امپلس‘ نے گزشتہ جمعرات کو اپنی تجرباتی پرواز کرنا تھی تاہم چند تکنیکی وجوہات کی بنا پر یہ پرواز موخر کر دی گئی تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں