1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سوٹ کیس یورپ نہیں اگلے جہاں لے گیا‘

عاطف توقیر3 اگست 2015

سوٹ کیس کے ذریعے مراکش سے غیرقانونی طریقے سے اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والا نوجوان دم گھٹنے سے ہلاک ہو گیا۔

تصویر: EPA/GUARDIA CIVIL

ہسپانوی پولیس نے پیر کے روز بتایا ہے کہ مراکش سے ایک نوجوان نے گاڑی کی ڈگی میں ایک سوٹ کیس میں بند ہو کر اسپین پہنچنے کی کوشش کی، تاہم وہ راستے ہی میں دم گھٹنے سے ہلاک ہو گیا۔

اس نوجوان کے بڑے بھائی پر الزام ہے کہ اس نے اس نوجوان کو غیرقانونی طریقے سے یورپ پہنچنے کی کوشش کی۔ اس نوجوان کو سوٹ کیس میں بند کر کے سوٹ کیس کو گاڑی کے پچھے حصے میں رکھا گیا، جب کہ گاڑی مراکش اور اسپین کے درمیان چلنے والی فیری سروس کے ذریعے یورپ لائی جا رہی تھی۔

کچھ عرصہ قبل ایک بچہ بھی اسی طرح سے یورپ اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھیتصویر: EPA/GUARDIA CIVIL

پولیس کے مطابق 34 سالہ ملزم نے اتوار کو قانونی طریقے سے اپنی گاڑی چھوٹے سے ہسپانوی علاقے میلیلا کے لیے کشتی پر سوار کرائی، تاہم اس گاڑی میں رکھے سوٹ کیس میں اس نے اپنا بھائی چھپا رکھا تھا۔

پولیس کے مطابق کراسنگ کے وقت اس نے محسوس کیا کہ اس کا بھائی سانس نہیں لے رہا ہے اور اس نے کشتی کے اسٹاف کو مطلع کیا۔ حکام کے مطابق کشتی کے عملے اور ہنگامی سروسز کے اہلکاروں نے الماریا کی بندرگاہ پر 27 سال نوجوان کو بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ زندگی کی بازی پہلے ہی ہار چکا تھا۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے نوجوان کے بڑے بھائی کو ’غیرارادی قتل‘ کے جرم میں حراست میں لے لیا ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ مئی میں بھی پولیس نے آئیوری کوسٹ سے مراکش لائے گئے ایک سوٹ کیس میں سے ایک آٹھ سالہ بچے کو نکالا تھا، جب کہ اس سوٹ کیس میں ہوا کے داخلے کا کوئی راستہ بھی نہیں تھا۔ یہ سوٹ کیس بھی مراکش سے اسپین لے جایا جا رہا تھا۔

ایک سکیورٹی اسیکنر کی ایک تصویر میں سوٹ کیس میں پھنسا ہوا بچہ دکھائی دیا تھا اور عوامی سطح پر یہ تصویر سامنے آنے پر یورپ بھر میں یہ بحث شروع ہو گئی تھی کہ دنیا بھر سے غیرقانونی مہاجرین یورپ پہنچنے کے لیے کس حد تک صعوبتوں سے گزرتے ہیں۔

اس بچے کا باپ اسپین کا قانونی رہائشی تھا اور اس کی تنخواہ بہت کم تھی، جس کی وجہ سے وہ اپنے لڑکے کے لیے اسپین میں رہائشی اجازت نامہ حاصل نہیں کر سکتا تھا، اسی لیے اس نے اسے اسمگل کر کے اسپین پہنچانے کی کوشش کی تھی۔ اس لڑکے کو بعد میں اسپین میں اپنے والدین کے ساتھ رہنے کا عارضی اجازت نامہ دے دیا گیا تھا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں