سوچی کے امریکی دورے کا آغاز
17 ستمبر 2012
نوبل امن انعام یافتہ آنگ سان سوچی میانمار میں تعینات امریکی سفیر ڈیرک میچل کے ہمراہ امریکا پہنچیں۔ 1988ء میں جمہوریت کی تحریک شروع کرنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہء امریکا ہے۔
اس دورے کے موقع پر سوچی امریکی محکمہء خارجہ کے حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق توقع ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس بھی جائیں گی۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ وہ صدر باراک اوباما سے ملاقات کریں گی۔ واشنگٹن کے بعد وہ نیویارک روانہ ہو جائیں گی۔ سوچی امریکن مِڈ ویسٹ اور کیلی فورنیا بھی جائیں گی۔
وہ ایسے وقت امریکا پہنچی ہیں جب اوباما انتظامیہ میانمار پر عائد باقی ماندہ پابندیاں اٹھانے پر غور کر رہی ہے۔
آنگ سان سوچی کو 2008ء میں اس وقت کانگریشنل گولڈ میڈل دیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا جب وہ میانمار میں نظر بند تھیں۔
انہیں 2010ء کے آخر میں رہا کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا اور رواں برس رکن پارلیمان بنیں۔
سوچی کی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی پارٹی کے ترجمان Nyan Win نے اے ایف پی سے بات چیت میں خیال ظاہر کیا کہ دورہء امریکا کے موقع پر سوچی میانمار میں اصلاحات کی صورتِ حال پر بات چیت کریں گی۔
میانمار کے صدر تھین سین بھی رواں ماہ کے آخری میں امریکا جائیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
میانمار کے لیے ایک خود مختار تجزیہ کار رچرڈ ہورسے کا کہنا ہے کہ تھین سین کا یہ پہلا دورہء امریکا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ سوچی تھین سین کے اس دورے پر حاوی ہو سکتی ہیں۔
ہورسے نے کہا کہ تھین سین نے اصلاحات کا زبردست عمل شروع کیا، جس کے لیے وہ تحسین کے مستحق ہیں تاہم انہیں بین الاقوامی سطح پر واجب طور پر تسلیم نہیں کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی صدر باراک اوباما نے تھین سین کے بجائے سوچی سے ملنا پسند کیا تو یہ پہلو ’بالخصوص غیر معاون‘ رہے گا۔ تاہم ہورسے نے کہا کہ ایسا ہی ہونے کا امکان ہے۔
سوچی کو میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی سوالوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گزشتہ ہفتے میانمار میں قائم امریکی سفارت خانے سے جاری کیے گئے بیان میں راکھین ریاست کے انسانی بحران پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔
ng / ss (AP, AFP)