1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتافریقہ

سوڈان بحران:  فوج نے چار وزراء کو رہا کر دیا

5 نومبر 2021

سوڈان کے فوجی حکمراں جنرل عبدالفتاح البرہان کا کہنا ہے کہ ملک پر فوج کا کنٹرول ''بغاوت نہیں'' ہے بلکہ یہ اقتدارکی جمہوری منتقلی کے لیے ہے۔ ادھر امریکا اور اقوام متحدہ نے جمہوری حکومت کو بحال کرنے پر زور دیا ہے۔

Putsch im Sudan | General Abdel Fattah al-Burhan
تصویر: /AP/dpa/picture alliance

سوڈان کے فوجی سربراہ عبد الفتاح البرہان نے چار نومبر جمعرات کو چار سویلین وزراء کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ فوجی بغاوت کے بعد مشرقی افریقی ملک سوڈان کی جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں اور اطلاعات کے مطابق امریکا اور اقوام متحدہ کے شدید دباؤ کے بعد جنرل عبد الفتاح نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

جنرل عبدالفتاح البرہان نے سویلین وزراء کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایک نئی حکومت کا قیام لازمی ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ آخر یہ نئی حکومت کس طرز کی اور کس کے قیادت میں ہو گی۔

کن وزراء کو رہائی ملی ہے؟ 

آرمی چیف عبد الفتاح البرہان کے ایک ترجمان طاہر ابو حاجہ نے جمعرات کے روز کہا، ''ہم قومی مفاد کے لیے تمام اندرونی اور بیرونی اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔''

اس کے بعد سوڈان ٹی وی نے مواصلات کے وزیر ہشیم حصال برالسول، تجارتی امور کے وزیر علی جیدو، اطلاعات و نشریات کے وزیر حمزہ بلول اور کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر یوسف آدم کو رہا کئے جانے کی خبر دی۔

عالمی برادری کا رد عمل

اقوام متحدہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے سوڈان کی فوج پر زور دیا تھا کہ وہ ملک میں آئین کی بالا دستی کو قائم کرنے کے ساتھ ہی اقتدار کی منتقلی کا عمل تیز کرے اور جتنی جلدی ممکن ہو ملک کے سیاسی بحران کو حل کرے۔

اسی حوالے سے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے بھی جمعرات کو سوڈان کے فوجی سربراہ سے فون پر بات چیت کی تھی اور انہوں نے بھی اقتدار کی منتقلی کے عمل کو تیز تر کرنے کی بات کہی تھی۔

تصویر: Ashraf Idris/dpa/picture alliance

امریکی وزیر خارجہ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا، ''فریقین نے جمہوریت کی منتقلی کے راستے کو برقرار رکھنے، عبوری حکومت کے ڈھانچے کو مکمل کرنے اور نئی حکومت کی تشکیل کو تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔''

ادھر عبدالفتاح برہان کے دفتر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جنرل نے جلد از جلد حکومت بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کی عہدے پر واپسی کے ساتھ ہی تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے برہان سے، ''سوڈان میں سویلین حکومت کو بحال کرنے کو کہا۔''

 اتوار اور پیر کو بھی مظاہروں کا منصوبہ

سوڈان میں فوجی بغاوت فوجی سربراہ برہان اور سویلین وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کے درمیان کشیدگی کے بعد ہوئی۔ حمدوک اس وقت گھر میں نظر بند ہیں۔ دارالحکومت خرطوم میں اس بغاوت کے خلاف مظاہرین نے بڑے پیمانے پر مظاہروں کے دوران، ''فوجی حکمرانی ختم کرو'' کے نعرے لگائے۔

بہت سی مزاحمتی کمیٹیاں بغاوت کے بعد سے مظاہروں کی قیادت کر رہی ہیں اور فوج سے مکمل طور پر سیاست سے باہر ہونے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ جمعرات کے روز بھی دارالحکومت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔

سن 2019 میں 'دی سوڈانی پروفیشنلز ایسوسی ایشن، نے ان مظاہروں کی قیادت کی تھی جس کی وجہ سے عمر البشیر کی حکومت کا تختہ پلٹ گیا تھا۔ اسی تنظیم نے فوجی بغاوت کے خلاف اتوار اور پیر کے دن دو روزہ عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز)

جب پاپائے روم نے سوڈانی رہنماؤں کے پاؤں چومے

00:54

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں