1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سویڈن میں قرآن سوزی سے متعلق ریلی پر پابندی

9 فروری 2023

اسٹاک ہوم میں نیٹو مخالف ایک ریلی کو، جس میں قرآن کو نذر آتش کرنے کا پروگرام بھی شامل تھا، نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یہ قدم گزشتہ ماہ کے ایسے ہی ایک واقعے کے بعد اٹھایا گیا ہے جب قرآن سوزی کے بعد نیٹو کے رکن ترکی نے

Protest against the Quran Burning In London, UK - 28 Jan 2023
تصویر: Loredana Sangiuliano/SOPA/ZUMA/picture alliance

سویڈش پولیس نے بدھ کے روز ایک مقررہ ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ اس میں قرآن کو جلانے کا بھی پروگرام شامل تھا۔ ریلی کو روکنے کا فیصلے کو سویڈش حکام کا غیر معمولی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ پابندی جنوری میں اسی طرح کی ایک اس ریلی کے تناظر میں لگائی گئی ہے جس میں انتہائی دائیں بازو کے ایک سیاست داں نے اسٹاک ہوم میں ترک سفارت خانے کے قریب مسلمانوں کی مقدس ترین کتاب قرآن کو نذر آتش کر دیا تھا۔ اسی مقا م پر جمعرات کے روز دوبارہ احتجاج کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

لیکن سویڈن کی سکیورٹی سروس، ساپو، نے کہا کہ جنوری میں ہونے والی ریلی کے بعد سویڈن کے خلاف حملوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اور اسی وجہ سے ایک اور احتجاجی مظاہرے کی اجازت نہیں دی گئی۔

قرآن جلانے والوں کے خلاف سخت جوابی اقدامات کریں، او آئی سی

پولیس نے اپنے فیصلے میں کہا کہ "جنوری 2023میں ترکی کے سفارت خانے کے باہر قرآن سوزی کے واقعے کے بعد یہ واضح ہے کہ سویڈش معاشرے کے خلاف بڑے پیمانے پر، بلکہ سویڈن کے خلاف اور بیرونی ملکوں میں سویڈش مفادات اور سویڈن کے شہریوں کے خلاف بھی خطرات بڑھ گئے ہیں۔"

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ، "سویڈن حملوں کے لیے ایک اعلیٰ ترجیحی ہدف بن گیا ہے۔"

 نیٹو رکنیت کی سویڈن کی کوشش خطرے میں

گزشتہ ماہ قرآن مجید کو جلانے کے واقعے کے خلاف سویڈش مخالف مظاہرے صرف مسلم دنیا تک ہی محدود نہیں رہے تھے۔

اس واقعے کے بعد ترکی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سویڈن کے وزیر دفاع کا انقرہ کا دورہ منسوخ کردیا تھا۔ اس دورے کے دوران سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کے حوالے سے گفتگو ہونی تھی۔

 ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا کہنا تھا کہ سویڈن کو اب ترکی کی حمایت کی امید نہیں رکھنی چاہئے۔

قرآن سوزی کے واقعے نے سویڈن کے لیے سفارتی مشکلات بڑھادی ہیں۔ اسے نیٹو میں شمولیت کے لیے ترکی کی حمایت چاہئے کیونکہ اس مغربی فوجی اتحاد میں کسی نئے رکن کی شمولیت کے لیے تمام رکن ملکوں کی متفقہ حمایت ضروری ہے۔

ایردوآن کا کہنا تھا کہ جب تک قرآن کو جلانے کی اجازت دی جائے گی ترکی سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی تائید نہیں کرے گا۔

قرآن نذر آتش کرنے کے خلاف کئی اسلامی ممالک میں شدید مظاہرے

سویڈن میں ملکی قانون اور روایات کے مطابق مظاہروں پر شاذ و نادر ہی پابندی لگائی جاتی ہے۔

قرآن سوزی کے خلاف مسلم ملکوں میں شدید مظاہرے ہوئے تھےتصویر: Imago Images/Pacific Press/H. Ali

سویڈن میں انتہائی دائیں بازو کا عروج

سویڈش پولیس نے کہا کہ جمعرات کی ریلی کی اپیل اس انتہائی دائیں بازو کے سیاست داں نے نہیں کی تھی جس نے جنوری میں قرآن کو نذر آتش کیا تھا بلکہ ایک غیر معروف تنظیم نے کی تھی۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ریلی کا مقصد سویڈن کی نیٹو کی رکنیت حاصل کرنے کی کوشش کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔

پولیس نے قرآن جلانے کے لیے سابقہ ریلی کی اجازت دینے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے تاہم کہا کہ اب صورت حال یکسر مختلف ہوگئی ہے۔

سویڈن میں تیار کردہ مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی مہم

اسٹاک ہوم میں مبینہ اسلام پسندوں نے سن 2017دہشت گردانہ حملے میں کم از کم پانچ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

سویڈن میں حالیہ برسوں میں انتہائی دائیں بازو اور نو نازی تنظیموں کا عروج تیزی سے ہوا ہے۔ ان میں سے ایک سویڈن ڈیموکریٹس، گزشتہ برس ہونے والے انتخابات میں سویڈن کی پارلیمان میں دوسری سب سے بڑی جماعت بن گئی۔

یہ دائیں بازو کے حکمراں بلاک کی سب سے بڑی جماعت بھی ہے، حالانکہ اسے حکومت کا حصہ تسلیم نہیں کیا جاتا۔

ج ا/ ص ز (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں