1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپاٹ فکسنگ معاملہ، ’شاہد آفریدی کی معذرت‘

5 ستمبر 2010

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ہفتہ کو کارڈیف میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ سپاٹ فکسنگ کے معاملے پر ٹیم کی جانب سے معذرت خواہ ہیں اور کھلاڑیوں کو اس سلسلے میں بات چیت سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

شاہد آفریدیتصویر: AP

پاکستانی ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولروں محمد عامر اور محمد آصف کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انسداد بدعنوانی کے قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات پر عبوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ ان کھلاڑیوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ تفتیشی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان تینوں کھلاڑیوں کے نام اپنے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سکواڈ سے خارج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کھلاڑیوں پر الزامات ہیں کہ انہوں نے بھاری معاوضے کے عوض پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں ’نو بالز‘ کرائیں۔

پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو سپاٹ فکسنگ کے الزامات کا سامنا ہےتصویر: AP

شاہد آفریدی نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کے خیال میں ان کھلاڑیوں کا ٹیم میں شامل نہ کیا جانا یقینی طور پر ایک بہت بری خبر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان کھلاڑیوں کی جانب سے کرکٹ سے محبت کرنے والے شائقین اور اقوام سے معذرت طلب کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، ’یہ دو ٹوئنٹی 20 اور پانچ ایک روزہ میچ بحثیت کپتان میرے لئے ایک بڑا چیلنج ہیں۔ کوچ وقار یونس اور میں نے تمام لڑکوں کو کہا ہے کہ اس (سپاٹ فکسنگ) کے بارے میں کوئی بات نہ کریں۔ یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے اور ہم یہاں صرف کرکٹ کھیلنے آئے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی جیت کے لئے پرعزم ہیں اور ٹیم کے کپتان کے طور پر وہ بھی یہی چاہتے ہیں۔

محمد آصفتصویر: AP

برطانوی آخبار نیوز آف دی ورلڈ نے گزشتہ اتوار کو الزام عائد کیا تھا کہ اخبار نے مظہر مجید نامی ایک شخص جو متعدد پاکستانی کھلاڑیوں کا ایجنٹ بھی ہے، کو ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ دیے تھے تاکہ وہ کھیل میں کرائی جانے والی نو بالز کے حوالے سے پہلے سے معلومات فراہم کر دے جو سٹہ کھیلنے میں استعمال کی جا سکیں۔

آفریدی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے مظہر مجید کو ٹیم کے چند کھلاڑیوں کے ساتھ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے دوروں میں دیکھا ہے، تاہم وہ اس کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں رکھتے۔

ہفت روزہ نیوز آف دی ورلڈ ہر اتوار کو شائع ہوتا ہے۔ شاہد آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے تمام پاکستانی کھلاڑیوں کو منع کر دیا ہے کہ وہ آج شائع ہونے والا شمارہ نہ پڑھیں۔ انہوں نے کہا، ’میں جانتا ہوں، پاکستان میں لوگوں کو اس خبر سے نہایت دکھ پہنچا ہے۔ ان کے لئے یہ معاملہ یقینی طور پر افسوس ناک ہے، مگر ہم سب کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔‘

دوسری جانب ہفت روزہ نیوز آف دی ورلڈ نے ہفتہ کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ میچ فکسنگ معاملے کے حوالے سے مزید کچھ حقائق اتوار کو شائع کریں گے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین یاسر حمید کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کے متعدد کھلاڑی تقریبا ہر میچ ہی میں ’فکسنگ‘ کرتے رہے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں