1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن تندولکر، سنچريوں کی سنچری

16 مارچ 2012

مايہ ناز بھارتی بيٹسمين سچن تندولکر نے بين الاقوامی کرکٹ ميں سنچريوں کی سنچری مکمل کرتے ہوئے ايک نيا عالمی ريکارڈ قائم کر ديا ہے۔

تصویر: AP

ميرپور کے شير بنگلہ اسٹيڈيم ميں ميزبان بنگلہ ديشی ٹيم کے خلاف کھيلے جانے والے ايشيا کپ کے ايک ميچ ميں سچن تندولکر نے 114 رنز بناتے ہوئے ايک روزہ کرکٹ ميں اپنی اننچاسويں اور مجموعی طور پر 100ويں سنچری مکمل کر لی ہے۔ ايک روزہ کرکٹ ميں بنگلہ ديشی ٹيم کے خلاف يہ تندولکر کی پہلی سنچری تھی۔ تندولکر اس وقت بين الاقوامی ٹيسٹ کرکٹ اور ايک روزہ کرکٹ ميں سب سے زيادہ سنچرياں بنانے والے کھلاڑی ہيں۔ انہوں نے مجموعی طور پر اب ايک سو، ٹيسٹ کرکٹ ميں 51 اور ايک روزہ کرکٹ ميں 49 سنچرياں بنا رکھی ہيں جو کہ ايک عالمی ريکارڈ ہے۔ سچن تندولکر کو يہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ٹيسٹ ميچ کھيلنے والے تمام ممالک کی ٹيموں کے خلاف سنچرياں اسکور کر چکے ہيں۔

گزشتہ سال کھيلے جانے والے ورلڈ کپ کے دوران 99 سنچرياں مکمل کرنے کے بعد تندولکر کو اپنی اس اہم سنچری کے ليے تينتيس اننگز کا انتظار کرنا پڑا۔ اس دوران وہ ٹيسٹ کرکٹ اور ايک روزہ کرکٹ ميں متعدد مرتبہ اچھے اسکور بنا پائے ليکن تين ہندسوں تک پہنچنے کے ليے انہيں کافی وقت لگا۔ تندولکر پر دورہ انگلينڈ اور دورہ آسٹريليا ميں خراب کارکردگی کے باعث شديد دباؤ بھی رہا اور ايک موقع پر ملکی اور غير ملکی تجزيہ نگاروں نے ان کے کيريئر کے خاتمے کی بھی باتيں کیں ليکن تندولکر کے ارادے کچھ اور ہی تھے۔ بلآخر سولہ مارچ کو وہ بنگلہ دیشی شہر ميرپور ميں اس اہم سنگ ميل تک پہنچے اور شائقين کرکٹ کو ايک نيا تحفہ ديا۔

تندولکر پر دورہ انگلينڈ اور دورہ آسٹريليا ميں خراب کارکردگی کے باعث شديد دباؤ رہاتصویر: AP

بھارتی بلے باز نے يہ سنچری بنگلہ ديش کے خلاف ايشيا کپ کے ميچ ميں بنائی۔ اس ميچ ميں ميزبان ٹيم نے ٹاس جيت کر بھارت کو پہلے بيٹنگ کرنے کی دعوت دی، جس پر بھارتی ٹيم نے مقررہ پچاس اوورز ميں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 289 رنز اسکور کيے۔ بھارتی اننگز ميں سچن تندولکر 147 گيندوں پر 114 رنز، وراٹ کوہلی 66 کے اسکور کے ساتھ اور سريش رائنا 51 کے انفرادی اسکور کے ساتھ نماياں کھلاڑی رہے۔ بنگلہ ديش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ نے دو جبکہ شفيف الاسلام اور عبدالرزاق نے ايک ايک وکٹ حاصل کی۔ ميچ جيتنے کے ليے بنگلہ ديشی ٹيم کو 290 رنز کا ہدف درکار ہے۔

رپورٹ: عاصم سليم

ادارت: امتیاز احمد

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں