1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سکرٹ کے نیچے نو کلوگرام چاکلیٹ، دو خواتین گرفتار

26 اپریل 2018

جرمنی میں ایک خاتون ایک سپر مارکیٹ میں چوری کرتے ہوئے پکڑی گئی۔ اس کی سکرٹ کے نیچے سے نو کلوگرام چاکلیٹ برآمد ہوئی۔ بعد ازاں اس ملزمہ کی ایک ساتھی کی کار سے بھی مزید پچاس کلوگرام چوری شدہ چاکلیٹ برآمد کر لی گئی۔

تصویر: dapd

جرمنی کے شہر براؤن شوائیگ سے جمعرات چھبیس اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اس خاتون کو، جس کی عمر 35 سال بتائی گئی ہے، سپر مارکیٹ کے عملے کے ایک رکن نے اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، جب وہ چاکلیٹ کے پیکٹ اپنی سکرٹ کے نیچے چھپا رہی تھی۔

تصویر: picture-alliance/dpa

رومانیہ: ٹرک پر چاکلیٹ نہیں مہاجرین لدے ہوئے تھے

چلی میں بچوں کے ’سرپرائز ایگز’ پر پابندی

حلوائی کے بھائی کا انتقام: لڈوؤں میں زہر، درجنوں افراد ہلاک

بعد ازاں جب سپر مارکیٹ کے عملے کی ایک خاتون رکن نے اس عورت کی ایک کمرے میں لے جا کر جامہ تلاشی لی، تو اس کی سکرٹ کے نیچے سے، جس کی مختلف جیبوں والی تہیں تھیں، مجموعی طور پر قریب نو کلوگرام رنگ برنگی چاکلیٹیں برآمد ہوئیں۔

اس پر سپر مارکیٹ کے ڈیوٹی مینیجر نے پولیس کو اطلاع کر دی، جو فوراﹰ موقع پر پہنچ گئی۔ ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ اس کی ایک ساتھی قریب ہی اپنی گاڑی میں اس کی واپسی کا انتظار کر رہی تھی۔ پھر جب ملزمہ کے ساتھ پولیس اس کی دوست تک پہنچی اور تلاشی لی گئی، تو اس گاڑی سے مزید 50 کلوگرام چاکلیٹیں برآمد ہوئیں۔

مٹھائیوں کا بین الاقوامی تجارتی میلہ

02:52

This browser does not support the video element.

پولیس نے مجموعی طور پر ان دونوں خواتین کے قبضے سے جو قریب ڈیڑھ من چاکلیٹ برآمد کی، وہ طرح طرح کے برانڈز اور ذائقوں والی تھی۔

اس میں سینکڑوں کی تعداد میں چاکلیٹ بارز کے ایسے پیکٹ بھی تھے، جن کا فی کس وزن عام طور پر 100 گرام یا 200 گرام ہوتا ہے۔ چوری شدہ لیکن برآمد کر لی گئی اس تقریباﹰ 60 کلوگرام چاکلیٹ کی مالیت کا اندازہ ایک ہزار یورو سے زائد لگایا گیا ہے۔

براؤن شوائیگ پولیس کی ایک خاتون ترجمان نے اس بارے میں جمعرات کے روز بتایا، ’’ملزمہ نے جو سکرٹ پہن رکھی تھی، اس کی کئی جیبیں اور تہیں تھیں۔ اسی لیے وہ اس سکرٹ کے نیچے نو کلوگرام چاکلیٹ چھپانے میں کامیاب رہی تھی۔‘‘

دونوں خواتین کے خلاف شاپ لفٹنگ (کسی دکان سے چوری) کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ بات ابھی واضح نہیں کہ ان دونوں عورتوں کے اس جرم کی وجہ ان کا بہت زیادہ چاکلیٹ کھانے کا شوق بنا یا پھر وہ اتنی زیادہ چوری شدہ چاکلیٹ آگے کسی اور کو بیچنا چاہتی تھیں۔

م م / ش ح / ڈی پی اے

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں