مائیکروسافٹ کے موجد ایلکس کپمین نے TED کے سان فرانسسکو میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران مستقبل کی کمپیوٹر سکرین کی ایک جھلک پیش کی۔ ان کی رائے میں ٹیکنالوجی کا مستقبل سہ جہتی ہولوگرام سے وابستہ ہو گا۔
اشتہار
اپنے سر پر HoloLens 'ہولو لینز‘ آگمینٹڈ ریئیلٹی کا آلہ پہنے جب کپمین اسٹیج پر پہنچے تو وہ ایک جادوگر کے مانند دکھائی دے رہے تھے۔ مائیکروسافٹ کی ٹیم ہولو لینز کو جلد ہی مارکیٹ میں پیش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
مائیکروسافٹ کے موجد نے کمپیوٹر سکرین کے بغیر ہولو لینز ٹیکنالوجی کے ذریعے دلکش اور جادوئی مناظر دکھائے، کمپیوٹر پر کام کیا اور یہاں تک کہ انہوں نے ناسا کے ایک سائنس دان کا ہولوگرام طلب کر کے اس کے ساتھ گفتگو بھی کی۔
ایکس باکس میں کائنیکٹ موشن ٹریکنگ کے خالق کپمین کا کہنا تھا کہ وہ ہولو لینز ٹیکنالوجی کو ترقی دیتے ہوئے ایسی منزل تک پہنچا دیں گے کہ موبائل اور کمپیوٹر کی اسکرین اور کی بورڈ جیسی چیزیں ماضی کا قصہ بن جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا، ’’میں روایتی کمپیوٹر کی دو جہتی حدود سے خود کو آزاد کرنے کی بات کر رہا ہوں۔ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے اس وقت ہماری حیثیت ایسی ہے، جیسے ہم غاروں میں رہ رہے ہوں۔‘‘
حاضرین کے سامنے انہوں نے اس جدید ہولوگرام ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا۔ ہولولینز آلہ پہن کر ان کے گرد 3D مصنوعی ماحول بن گیا، جس میں کبھی وہ ایک غار کے ماحول میں دکھائی دیے تو کبھی وہ چاند کی سطح پر چل رہے تھے اور پھر وہ ہوا ہی میں ٹی وی اسکرین کھڑی کر کے اسے دیکھنا شروع ہو گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا، ’’ڈیجیٹل سپیس ہمیں زمان و مکان کی حدود سے نکل جانے کی جادوئی قوت فراہم کرتی ہے۔ میرے خیال میں ہماری آئندہ نسل کی پرورش سہ جہتی التباسی ماحول میں ہو گی۔‘‘
حاضرین کے سامنے اس بات کا عملی مظاہرہ کرنے کے لیے انہوں نے خلائی ادارے ناسا سے تعلق رکھنے والے سائنسدان جیف نورِس کا مصنوعی ہیولا طلب کر کے اس سے گفتگو بھی کی۔ نورس نے حاضرین کو بتایا کہ ناسا میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال گزشتہ کئی برسوں سے کیا جا رہا ہے۔
نورِس کے مطابق، ’’سالوں سے ہم اپنی کرسی پر بیٹھے ہوئے خلا میں موجود اپنے اسٹیشن اور اس سے پرے کی دنیا کا نظارہ یوں کر رہے ہیں، جیسے ہم وہیں موجود ہوں۔‘‘
مائیکروسافٹ فی الحال یہ ٹیکنالوجی تین ہزار ڈالرز کے عوض صرف ڈیویلپرز کو فروخت کر رہی ہے۔ کمپنی نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ اسے عام لوگوں کے لیے کب اور کس قیمت پر فروخت کیا جائے گا۔
’گیمز کوم‘: کمپیوٹر گیمز کا سب سے بڑا عالمی میلہ
جرمن شہر کولون میں کمپیوٹر کھیلوں کا دنیا کا سب سے بڑا میلہ ’ گیمز کوم‘ شروع ہو چکا ہے۔ نو اگست تک جاری رہنے والے اس میلے میں سونی اور مائیکرو سافٹ کے بڑے بڑے ’گیمز کونزولس‘ کو نمایاں اہمیت حاصل ہے۔
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach
ایکس باکس اور پلے اسٹیشن
گیمز کوم میں شائقین اُن بہت سے کمپیوٹر گیمز سے محظوظ ہو سکتے ہیں، جو اگلے مہینوں کے دوران مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔ اس مرتبہ بھی بڑے کونزولس والے کھیلوں کی مانگ زیادہ دکھائی دے رہی ہے۔ ان میں مائیکروسافٹ کا ’ایکس بوکس‘ اور سونی کا ’پلے اسٹیشن‘ سرفہرست ہیں۔
تصویر: DW/A. Bräunig
دنیا بھر کی نمائندگی
کولون کی میلے میں 45 ممالک سے تعلق رکھنے والے آٹھ سو سے زائد نمائش کنندگان موجود ہیں۔ اس نمائش گاہ میں ایک لاکھ نوّے ہزار مربع میٹر پر ہر جانب ڈیجیٹل کھیل ہی دکھائی دے رہے ہیں۔
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach
پیچیدہ کھیل
ماہرین کے مطابق کمپیوٹر گمیز کی مارکیٹ وقت کے ساتھ ساتھ وسیع ہوتی جا رہی ہے اور ساتھ ہی ان کھیلوں میں پیچیدگی بھی بڑھ رہی ہے۔ ماضی کے بہت سے کھیلوں کو جدید بنا کر ایک مرتبہ پھر متعارف کرایا گیا ہے۔
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach
سونی کا منفرد منصوبہ
کولون کے اس میلے میں سونی نے اپنے تھری ڈی پروجیکٹ ’ Morpheus ‘ کو ایک نئے انداز کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔ سونی کے بقول ان کھیلوں کو بہت سوچ و بچار کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ اسے کھیلنے والا ایک نئی دنیا میں پہنچ جاتا ہے۔ ان کھیلوں میں جہاں تفریح ختم ہوتی ہے، وہاں سے اسٹریس شروع ہو جاتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Berg
ایرانی گیم ساز ادارہ
اس سال ایران کی نمائندگی کے لیے’ایران گیم ڈیویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ‘ اس میلے میں موجود ہے۔ ایران کے ’Hate the Sin Love the Sinner‘ نامی کھیل کو 2013ء میں گیمز کنیکشن ایشیا نامی میلے اور تہران گیمز فیسٹیول میں بہترین ڈیزائن کا ایوراڈ دیا جا چکا ہے۔
تصویر: DW/A. Bräunig
اسمارٹ فون اور گیمز
ماہرین کے مطابق اسمارٹ فونز نے گیمز کی دنیا کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے۔ اب آپ کو ہر جگہ لوگ موبائل فونز پر گیمز کھیلتے نظر آتے ہیں۔ بچے، نوجوان حتیٰ کہ بالغ افراد بھی فارغ وقت میں اسمارٹ فونز پر گیمز کھیلنا پسند کرتے ہیں۔
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach
لاکھوں شائقین
گیمز کوم کی انتظامیہ کو امید ہے کہ اتوار نو اگست تک جاری رہنے والے اس میلے کو دیکھنے کے لیے تقریباً چار لاکھ سے زائد افراد کولون کو رخ کریں گے۔ پچھلے برس تقریباً ساڑھے تین لاکھ شائقین اس میلے کو دیکھنے آئے تھے۔
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach
ونڈوز دس
مائیکرو سافٹ کا ایکس باکس ونڈوز 10 سافٹ ویئر سے آراستہ ہے اور یہ نومبر سے دستیاب ہو گا۔ مستقبل میں ونڈوز 10 والے تمام ایکس باکس انٹرنیٹ پر لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کیے جا سکیں گے۔