1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

سکیورٹی خدشات: پاکستان کا بھارت میں ہاکی کھیلنے سے انکار

شکور رحیم اے ایف پی
13 جولائی 2025

اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان نومبر میں بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کرے گا۔ پاکستانی قومی ہاکی ٹیم نے آخری بار 2023 ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان کے اس فیصلے سے  اس کی اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے
پاکستان کے اس فیصلے سے اس کی اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہےتصویر: AP

حکومت پاکستان نے سکیورٹی خدشات کے باعث قومی ہاکی ٹیم کو آئندہ بھارت میں ہونے والے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھیجنے سے انکار کر دیا ہے، جس سے اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ یہ اطلاع فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پاکستانی سرکاری ذرائع کے حوالے سے دی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان چار روزہ کشیدگی میں 70 افراد ہلاک ہوئے تھے، جو دہائیوں بعد ان حریف ممالک میں سب سے شدید جھڑپیں تھیں۔ پاکستان کی ٹیم کو اگست اور ستمبر میں بھارت میں ہونے والے مردوں کے ایشیا کپ میں شرکت کرنی تھی، جس کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومتی منظوری طلب کی تھی۔

دونوں پڑوسی ممالک کے مابین کشیدگی نے دیگر دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہےتصویر: imago/Chai v.d. Laage

تاہم وزارت کھیل کے ایک سینئر اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا، ''حال ہی میں ہونے والی جنگ کے بعد ہمارے کھلاڑیوں کی سکیورٹی اور سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔‘‘

ذرائع کے مطابق پاکستان نومبر میں بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کرے گا۔ پاکستان، جو کبھی بین الاقوامی ہاکی کا ایک مضبوط نام تھا اور تین اولمپک گولڈ میڈلز اور چار عالمی ٹائٹلز جیت چکا ہے، اس وقت عالمی رینکنگ میں 15ویں نمبر پر ہے۔

ایشیا کپ میں عدم شرکت ممکنہ طور پر پاکستان کی اگلے سال نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں ہونے والے سینئر ورلڈ کپ میں شمولیت کو بھی متاثر کرے گی۔

ایک دوسرے سرکاری ذریعے نے بھی اے ایف پی کو اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم، دفتر خارجہ نے اے ایف پی کی تبصرے کے لیے بھجوائی گئی درخواست کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔ بھارت نے 2008 ء کے ممبئی حملوں کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کے بعد اسلام ا‌ٓباد کے ساتھ تمام دو طرفہ کھیلوں کے تعلقات معطل کر دیے تھے۔

رواں سال مئی میں دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان چار روزہ کشیدگی میں 70 افراد ہلاک ہوئے تھےتصویر: Firdous Nazir/NurPhoto/IMAGO

کرکٹ کا کھیل اس کشیدگی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اور دونوں ممالک اب صرف بین الاقوامی کثیرالملکی ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کا سامنا کرتے ہیں۔ رواں برس بھارت نے پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث فائنل دبئی میں کھیلا گیا۔

جوابی اقدام کے طور پر، پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال بھارت میں ہونے والے خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ اور 2026 ءکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کرے گا۔ ان مقابلوں کے لیے ٹیم سری لنکا میں اپنے میچز کھیلے گی۔

پاکستان کی ہاکی ٹیم نے آخری بار 2023 ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا، جہاں وہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں چھ ٹیموں میں سے پانچویں نمبر پر رہی تھی۔

شکور رحیم  اے ایف پی

ادارت: رابعہ بگٹی

 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں