1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سہ فریقی ٹورنامنٹ: پاکستان نے پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت لیا

1 جولائی 2018

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم زمبابوے کو 74 رنز سے مات دے دی ہے۔ 183 رنز کے ہدف میں  زمبابوے کی تمام ٹیم اٹھارہویں اورر میں 108 پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

Abu Dhabi ODI Cricket | Pakistan vs. Sri Lanka
تصویر: Getty Images/N. Balout

اتوار کے دن زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے اوپنر فخر زمان نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے شاندار نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے چالیس گیندوں پر اکسٹھ رنز بنائے، جو اس فارمیٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور بن گیا ہے۔

اس میچ میں محمد حفیظ کی واپسی ہوئی لیکن بلے کے ساتھ وہ ناکام رہے اور سات کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس میچ میں انہوں نے پانچ گیندیں کرائیں اور دو وکٹیں سمیٹ لیں۔ ون ڈاؤن حسین طلعت دس اور ٹو ڈاؤن کپتان سرفراز احمد سولہ کے انفرادی اسکورز پر آؤٹ ہو گئے۔

بولنگ کے بغیر میدان ميں مزہ ہی نہیں آتا، محمد حفیظ

04:05

This browser does not support the video element.

تاہم بعد ازاں شعیب ملک نے فخر زمان کے ساتھ عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد آصف علی کریز پر آئے اور انہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا اور چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے صرف اکیس گیندوں پر اکتیالیس رنز بنا ڈالے۔

یوں پاکستان کا مجموعی اسکور 182 تک پہنچ گیا۔ زمبابوے نے جب اپنی اننگز شروع کی تو سولومون مِرے اور ٹاریسائی موسوکانڈا کے علاوہ کوئی بلے باز پاکستانی بولنگ کے سامنے نہ ڈٹ سکا۔ ان دونوں نے بالترتیب ستائیس اور 43 رنز بنائے۔ یوں زمبابوے کے تمام کھلاڑی 17.5 اوورز میں 108 پر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی، محمد نواز، عثمان خان اور محمد حفیظ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان کو ایک وکٹ ملی۔ اس میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر فخر زمان کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین دو جولائی کو کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل آٹھ جولائی کو ہرارے میں ہی منعقد ہو گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں