’سیلفی لینے کے شوق میں جان گنوا دی‘
19 ستمبر 2015خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کے دن ایک جاپانی سیاح محبت کی علامت تصور کی جانے والی تاریخی عمارت میں اس وقت ہلاک ہوا، جب وہ تاج محل کے رائل گیٹ کی سیڑھیاں چڑھ رہا تھا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ اس 66 سالہ سیاح کے ہمراہ دیگر تین ساتھی اور ایک گائیڈ بھی تھا۔ ہلاک ہونے والے سیاح کا نام ہیڈیٹو یوڈا بتایا گیا ہے۔
آگرہ پولیس کے اہلکار شوشنت گور نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’حادثے کے بعد سیاح کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔‘‘
شوشنت گور کے مطابق، ’’پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق اس سیاح کی موت کی وجہ دل کا دورہ بنی۔ ہم نے جاپانی سفارت خانے کو اس اندوہناک واقعے کے بارے میں مطلع کر دیا ہے۔‘‘
برطانوی نشریاتی ادارے نے عینی شاہد ساگر سنگھ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والا سیاح دراصل سیلفی لینے کی کوشش میں تھا کہ اچانک تاج محل کے رائل گیٹ کی سیڑھیوں سے گر گیا۔
تاج محل بھارت میں سیاحوں کے لیے ایک انتہائی پرکشش مقام ہے۔ تاج محل مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی محبوبہ اہلیہ ممتاز محل کے مقبرے کے طور پر بنوایا تھا۔ یومیہ بارہ ہزار سیاح اس سیاحتی مقام کا رخ کرتے ہیں۔