سیمی فائنل میں پاکستان کے ساتھ کون کھیلے گا؟ بھارت یا آسٹریلیا
24 مارچ 2011بھارت کی کوشش ہو گی کہ آج کا میچ جیت کر وہ 1987ء کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے دوران آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کردے۔ بھارتی ٹیم کے پاس جہاں وریندر سہواگ اور سچن تندولکر جیسے مایہ ناز کھلاڑی موجود ہیں تو دوسری طرف آسٹریلوی بولنگ لائن میں بریٹ لی اور مچل جانسن بھارتی بلے بازوں کی مشکلات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ بریٹ لی آسٹریلیا کے وہ واحد بولر ہیں، جنہوں نے صرف بھارت کے خلاف ہی پچاس وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔
کرکٹ ناقدین کے مطابق اس عالمی کپ کے سلسلے میں کھیلے جانے والا یہ دوسرا کوارٹر فائنل ایک زور دار میچ ہو گا، جو نہ صرف شائقین کے لیے بھرپور لطف کا باعث ہو گا بلکہ اس میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اعصاب کا بھی امتحان ہو گا۔
اگرچہ احمد آباد میں کھیلے گئے گزشتہ چار میچوں میں بھارتی ٹیم کامیاب نہیں ہوسکی ہے تاہم اس مرتبہ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔
اس میچ کا فاتح تیس مارچ کو موہالی میں پاکستان کے مدمقابل ہوگا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ وہ بھارتی ٹیم کو سپورٹ کریں گے،’ میں چاہتا ہوں کے سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہو۔ میرے خیال میں اس صورت میں پاکستان کو فائدہ ہو گا‘۔
پاکستان کے ایک نجی ٹیلی وژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے شروع سے ہی فیورٹ ٹیم تصور کی جا رہی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم ’انڈر ڈاگ‘ تصور کی جارہی تھی،’ بھارتی ٹیم جب اپنی سرزمین پر پاکستان کے خلاف کھیلے گی تو اس پر بہت زیادہ دباؤ ہو گا اور یہ پاکستان کے حق میں جا سکتا ہے‘۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف